افغان نائب صدر امر اللہ کا پاکستان کیخلاف منفی پروپگنڈہ خطے میں امن کیخلاف سازش ہے‘محمد سرور

افغان حکومت اپنی ناکامیاں چھپانے کی ناکام کوشش کر رہی ہے وہ کامیاب نہیں ہوگی ‘ پاکستان امن واستحکام کیلئے تمام افغانیوں کی حمایت کرتاہے کشمیر میں عید کے روز بھی بے گناہ کشمیریوں کا بھارتی افواج اور انکی دیگر سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں قتل بدتر ین دہشت گردی ہے ‘گور نرپنجاب

جمعہ 23 جولائی 2021 17:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2021ء) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ افغان نائب صدر امر اللہ کا پاکستان کیخلاف منفی پروپگنڈہ خطے میں امن کیخلاف سازش ہے ‘افغان حکومت اپنی ناکامیاں چھپانے کی ناکام کوشش کر رہی ہے وہ کامیاب نہیں ہوگی ‘ پاکستان امن واستحکام کیلئے تمام افغانیوں کی حمایت کرتاہے‘کشمیر میں عید کے روز بھی بے گناہ کشمیریوں کا بھارتی افواج اور انکی دیگر سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں قتل بدتر ین دہشت گردی ہے نر یندر مودی ہٹلر کے مشن کو آگے لیکر چل رہے ہیں دنیا کوان مظالم پراب خاموشی ختم کر نا ہوگی ۔

وہ صوبائی وزیرایکسائز حافظ ممتاز احمد‘تحر یک انصاف کے ایم این اے فیض اللہ کامکوں اور بادشاہی مسجد میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے جبکہ بادشاہی مسجد میں نمازعید کے موقعہ پر ملکی ترقی اور استحکام اور سلامتی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی ۔

(جاری ہے)

گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ خطے میں دہشت گردی کے خاتمے اور امن کے قیام کیلئے پاکستان نے 70ہزار سے زائد جانوں کی قر بانی دی اور آج بھی وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان افغان امن عمل کیلئے مکمل نیک نیتی کیساتھ اپنا کردار ادا کر رہا ہے ان حالات میں افغان حکومتی عہدیداروں کا اپنی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے پاکستان پر تنقید کر نا شر مناک اقدام ہے جسکی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے افغان حکومت کو چاہیے دوسروں پر انگلیاں اٹھانے کی بجائے اپنی اصلاح کر ے تاکہ امن کے قیام کو یقینی بنایا جاسکے ۔

ایک سوال کے جواب میں چوہدری محمدسرور نے کہا کہ افغانستان میں امن کا سب سے زیادہ فائدہ پاکستان کو ہی ہوگا اور خطے میں ترقی اور خوشحالی کے لیے بھی امن سب سے بڑی ضرورت ہے اب امر یکہ اور انکو اتحادیوں کو بھی چاہیے وہ امن کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کر ے اور امن کیخلاف سازشیں کر نیوالوں کے عزائم کو ناکام بنایا جائے افغانستان میں حالات خراب ہونے کا اثر صرف افغانستان نہیں پورے خطے پر پڑ یگا ۔

گور نر پنجاب نے کشمیر میں عید کے رو زبھی کشمیر یوں پر بدتر ین مظالم اور بھارتی افواج کے ہاتھو ں کشمیری نوجوانوں کے قاتل عام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نر یندر مودی کی قیادت میں بھارتی افواج کشمیر میں بدتر ین دہشت گردی کر رہی ہے اورکشمیر یوں سے انکی مذہبی آزادی بھی چھین رہے ہیں ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ اقوام متحدہ اور او آئی سی سمیت تما م عالمی ادارے کشمیر یوں کیساتھ ہونیوالے مظالم کا کل نہیں آج ہی نوٹس لیں اوربھارت کو سفارتی دبائو کے ذریعے مجبور کیا جائے کہ وہ کشمیر یوں پرمظالم بند کر کے ان کو آزادی کا حق دے۔جبکہ بعدازں گور نر پنجاب چوہدری چوہدری محمدسرور نے سنیئر صحافی عارف نظامی مر حوم کے گھر میں انکے اہل خانہ سے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی بھی کی ہے ۔