مقبوضہ جموںوکشمیر : فوجیوں نے ایک اور نوجوان شہید کر دیا، تعداد 6ہوگئی

بھارتی پولیس کا پلوامہ میں سوگواروں پر وحشیانہ تشدد،شدید مارپیٹ کا نشانہ بنایا ،کئی افراد زخمی

جمعہ 23 جولائی 2021 20:05

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2021ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بھارتی فوجیوںنے اپنی ریاستی دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کے دوران جمعہ کو ضلع راجوری میں ایک اور نوجوان کو شہید کردیا جس سے مقبوضہ علاقے میں گزشتہ روز سے شہید ہونے والوں کی تعداد بڑھ کرچھ ہوگئی۔ کشمیر میڈ یا سروس کے مطابق فوجیوںنے نوجوان کو ضلع کے علاقے سندر بنی میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا ۔

فوجیوں نے گزشتہ روز اسی علاقے میں ایک جبکہ پلوامہ اور کولگام کے اضلاع میں چار نوجوان شہید کر دیے تھے۔ سندر بنی میں29جون سے جاری آپریشن کے دوران حملوں میں ایک جونیر کمیشنڈ افسر سمیت تین بھارتی فوجی ہلاک ہو گئے ہیں ۔ فوجیوں نے کولگام او سامبا اضلاع میں بھی اسی طرح کے آپریشن شروع کر دیے ہیں۔

(جاری ہے)

قابض انتظامیہ نے کولگام اور پلوامہ اضلاع میں انٹرنیٹ سروس معطل کر دی ہے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طورپر نظر بند سینئر رہنما شبیر احمد شاہ نے نئی دلی کی تہاڑ جیل سے سرینگر میں اپنی بیٹی سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت نے انہیں جیل میں مرنے کیلئے کورونا مریضوں کے ساتھ رکھا ہوا ہے ۔ تاہم انہوں نے یہ بات واضح کر دی کہ وہ کشمیر کاز کیلئے جام شہادت نوش کرنے کیلئے تیار ہیں۔ شبیر احمد شاہ نے اپنی بیٹی سے کہا کہ وہ انکی رہائی کیلئے کوئی اپیل دائر نہ کریں کیونکہ انکا کشمیریوں کے ساتھ یہ عہد ہے کہ وہ تنازعہ کشمیر کے حل تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔

ادھر بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے ضلع پلوامہ میں ایک شہید نوجوان کے اہلخانہ سمیت سوگواروں پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا۔ فوجیوں نے ضلع کے علاقے اونتی پورہ میں پدگام پورہ کے مقام پر شہید نوجوان کے گھر کے احاطے میں داخل ہو کر سوگواروں کو شدید مارپیٹ کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں کئی افراد زخمی ہو گئے۔ فوجیوں نے وہاں لگا شامیانہ بھی تہس نہس کر دیا جہاں لوگ غمزدہ خان کے ساتھ اظہار یکجہتی کر رہے تھے۔

حریت رہنما جاوید احمد میر نے پلوامہ اور بڈگام کے علاقوں میں تعزیتی اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں حال ہی میں شہید ہونے والے نوجوانوںکو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ۔ جموںوکشمیر پولیٹیکل ریزس ٹنس موومنٹ ، جموںوکشمیر مسلم کانفرنس اور تحریک استقلال کے وفود شہید نوجوان معراج الدین کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کیلئے سوپور گئے۔

ممتاز نوجوان رہنماء شہیدبرہان وانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے جمعہ کو بارہمولہ کے متعدد علاقوںمیں پوسٹر چسپاں کئے گئے ۔یہ پوسٹر تحریک استقلال جموںوکشمیر اور فریڈم لورز کی طرف سے چسپاں کئے گئے۔مظفرآباد میں ایک سیمینار کے مقررین نے جاری جدوجہد آزادی کشمیر میں برہان وانی کی خدمات اور قربانی کو اجاگر کیا۔ سیمینار کا اہتمام انسٹی ٹیوٹ آف ملٹی ٹریک ڈائیلاگ ، ڈویلپمنٹ اینڈ ڈپلومیٹک اسٹڈیز نے سول سوسائٹی کے تعاون سے کیاتھا جس میں یونیورسٹی کے گریجویٹس اور سول سوسائٹی کے کارکنوں نے شرکت کی۔

جموں وکشمیر فورم فرانس نے برہان مظفر وانی کو ان کے یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے پیرس میںایک تقریب کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر فورم کے صدر مرزا آصف جرال نے کہا کہ برہان وانی کی شہادت نے کشمیریوں کی جاری تحریک آزادی کو نئی جلا بخشی ۔