سی ڈی اے سمیت پاکستان بھر کے محنت کشوں کی توقعات حکومت سے وابستہ ہیں،لالہ عزت خان

رہنماء پی ٹی آئی لیبرونگ اور مزدور یونین کے سینئر نائب صدر لالہ عزت خان کا ورکروں سے خطاب

ہفتہ 24 جولائی 2021 18:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2021ء) رہنماء پی ٹی آئی لیبرونگ اور مزدور یونین کے سینئر نائب صدر لالہ عزت خان نے مزدور یونین کے مرکزی الیکشن آفس میں عیدالاضحی کے حوالے سے ظہرانے کی تقریب میں محنت کشوں سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان بھر کے محنت کشوں اور بالخصوص سی ڈی اے ملازمین کو مبارکباد کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحی ایثار اور قربانی کا درس دیتا ہے اس موقع پر انھوں نے چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد ، بورڈ ممبران اور سی ڈی اے انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ محنت کشوں کے پلاٹ جو مزدوریونین کے معاہدوں کے تحت محنت کشوں کو ملنے ہیں اور اسلام آباد ہائیکورٹ بھی اس حوالے سے ملازمین کے حق میں فیصلہ دے چکی ہے لہذا ان ملازمین کو فوری طور پر بذریعہ قرعہ اندازی یہ پلاٹ الاٹ کیے جائیں اور اس اقدام کے نتیجے میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور بطور ادارے کے چیئرمین نہ صرف آپکی عزت میں اضافہ ہوگا بلکہ سی ڈی اے کے ملازمین کا درینہ مطالبہ بھی پوراہو جائے گا ،لالہ عزت خان نے مزید کہا کہ میں بطور پی ٹی آئی کا کارکن ہوتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان سے مطالبہ کرتا ہوں کہ آج پاکستان بھر کے محنت کشوں کو آپ سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں اور ملک بھر بالخصوص دارالحکومت اسلام آباد میں لاکھوں تعلیم یافتہ نوجوان بے روزگار ہیں اور اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے منتخب ممبران قومی اسمبلی کی کاوشوں سے پارلیمنٹ نے وفاقی اداروں میں اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے رہائشیوں کے لیے ملازمتوں میں جو 50فی صد کوٹہ مقررکیا وہ قابل ستائش اقدام ہے لہذا حکومت اس فیصلے پر عمل درآمد کرتے ہوئے بے روزگارنوجوانوں کو ملازمتیں فراہم کرے تاکہ بے روزگاری کاخاتمہ ہو سکے ،ان کا کہنا تھا کہ میں ایک سرکاری مکان میں رہتا ہوں اور بجلی کے بلوں میں جو سیلز ٹیکس ،نیلم جہلم اور نندی پور پروجیکٹ کے تحت جو شامل کیا گیا وہ سرکاری اور ریٹائرڈ پینشن یافتہ ملازمین کے ساتھ ظلم ہے وزیر اعظم اس کا نوٹس لیتے ہوئے اس کے فوری خاتمے کا اعلان کریں ،سی ڈی اے ملازمین سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ گزشتہ چھ ماہ سے سی ڈی اے میں ہونے والا ریفرنڈم جو تعطل کا شکار تھا انشاء اللہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ماہ اگست میں اسکا انعقاد ہونے جا رہا ہے اور سی ڈی اے مزدور یونین چوہدری محمدیٰسین گروپ جس نے اپنے سابقہ ادوار میں ملازمین کے پلاٹوں کی الاٹمنٹ ،حج پالیسی اور بلاتفریق مذہبی تہواروں پر فل بیسک عیدالائونس اور دیگر مراعات دلوانے سمیت ہزاروں ڈیلی ویجزاور کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کروایا اس کارکردگی کو مدنظررکھتے ہوئے چوہدری محمد یٰسین گروپ کو بھاری اکثریت سے کامیاب کروائیں تاکہ سابقہ تین سالہ دور میں ملازمین اور ادارے کا جو نقصان ہوا اسکا ازالہ ممکن ہو سکے ،ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف سمیت تمام سیاسی پارٹیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ سی ڈی اے جیسے قومی ادارے کے ریفرنڈم میں سیاسی مداخلت نہ کی جائے اور ملازمین کو آزادانہ اپنے مرضی کے نمائندے منتخب کرنے کا موقع فراہم کیا جائے ۔