اسرائیلی سافٹ ویئر کے ذریعے بھارت نے سائبر حملہ کیا ہے ‘جاوید قصوری

امریکہ کا پاکستان اور بھارت کو اپنے مسائل خود حل کرنے کا مشورہ، بھارت کی زبان ہے ‘ امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب

اتوار 25 جولائی 2021 14:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2021ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ مودی حکومت فاشسٹ ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔ پاکستان میں دہشت گردی کو بھارت براہ راست فنڈنگ کررہا ہے۔ اسرائیلی سافٹ ویئر کے ذریعے ہندوستان نے سائبر جاسوسی کرنے کی کوشش کی جو کہ پاکستان کی خودمختاری پر حملہ ہے۔ حکومت پاکستان کو اس گھنائونے کردار کو عالمی برادری کے سامنے ٹھوس شواہد کے ساتھ پیش کرے۔

ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاہے کہ پیگا سس کا معاملہ پانامہ لیکس سے بڑا سکینڈل ہے۔ مکمل تحقیقات کی جائیں تو اس کی سنگینی سامنے آسکتی ہے۔ اقوا م متحدہ اور عالمی دنیانے بھارت کو دہشت گردی پھیلانے کے لیے آزاد چھوڑ رکھا ہے۔

(جاری ہے)

جب تک متعصبانہ رویہ ترک نہیں کیا جاتا ، اس وقت تک دنیامیں امن و سکون محض خواب و خیال ہی تصور ہوںگے۔

انہوں نے کہا کہ قائم مقام امریکی نائب وزیر خارجہ برائے جنوبی ایشیا ڈین تھامن کی جانب سے پاکستان اور بھارت کو اپنے مسائل خود حل کرنے کا مشورہ درحقیقت بھارت کی زبان ہے۔ جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔حقیقت یہ ہے کہ بھارت نے انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا کر رکھ دیں ہیں۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ حکومت پاکستان ،بھارت کے ہر شرمناک اقدام کو عالمی سطح پر اٹھائے۔ عالمی برادری ، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی نام نہاد تنظیموں کے مردہ ضمیر جھنجھوڑنے کی ضرورت ہے۔