اسرائیل نے متحدہ عرب امارات کے لیے سفیر کا اعلان کر دیا

عامر حائیک کو امارات میں اسرائیل کا پہلا سفیر نامزد کیا گیا ہے جنہیں ہوٹلنگ، تجارت اور صنعت کا دہائیوں پرانا تجربہ ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 27 جولائی 2021 10:29

اسرائیل نے متحدہ عرب امارات کے لیے سفیر کا اعلان کر دیا
دُبئی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔27جولائی2021ء ) متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان معاہدہ ابراہیم کے بعد تعلقات خوشگوار نہج پر استوار ہو چکے ہیں۔ امارات کی جانب سے رواں ماہ کے آغاز میں اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب میں اپنا سفارت خانہ قائم کیا گیا تھا۔ اب اسرائیل نے بھی متحدہ عرب امارات کے لیے اپنے پہلے سفیر کا اعلان کر دیا ہے۔

اسرائیلی وزیر خارجہ یائر لاپیڈ نے اپنے ایک ٹویٹ کے ذریعے امارات کے لیے نامزد پہلے سفیر کا نام ظاہر کیا گیا ہے ۔ یائر لاپیڈ کے مطابق عامر حائیک کو امارات میں پہلا سفیر مقرر کیا گیا ہے جن کے پاس معیشت اور سیاحت کے شعبوں کا وسیع تر تجربہ اور علم ہے۔ انہیں اسرائیل اور امارات کے درمیان سفارتی، تجارتی اور معاشی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے درست انتخاب قرار دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

عامر حائیک اسرائیل ہوٹل ایسوسی ایشن کے موجودہ صدر ہیں۔ اس کے علاوہ وہ وزارت صنعت، تجارت و محنت کے ڈائریکٹر جنرل رہ چکے ہیں اور مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن آف اسرائیل کے سربراہ کے طور پر بھی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔ واضح رہے کہ اسرائیل کی جانب سے گزشتہ ماہ امارات میں سفارت خانہ قائم کر دیا گیا تھا۔جبکہ 13 جولائی سے اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب میں یو اے ای کے سفارت خانے نے باقاعدہ کام شروع کر دیا ہے۔

اس سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب کے موقع پر اسرائیل کے صدر اسحاق ہرزوگ نے امارات کے سفارت خانے کا افتتاح کیا۔اس موقع پر دونوں ممالک کے جھنڈے لہرانے کے ساتھ ساتھ قومی ترانے بھی بجائے گئے۔ امارات کا سفارت خانہ تل ابیب اسٹاک ایکسچینج کی عمارت میں قائم کیا گیا ہے۔ جسے دونوں جانب کے حکام نے اسرائیل امارات تعلقات میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔

اماراتی سفارت خانے کے افتتاح کی تقریب کے موقع پر اسرائیلی وزیر صدر اسحاق ہرزوگ اور اسرائیل میں تعینات یو اے ای کے سفیر محمد الخاجہ نے بھی خطاب کیا۔اماراتی سفیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ علاقائی امن کے قیام اور دیرینہ تنازعات کے حل کے لیے دونوں ممالک مل کر کام کریں گے۔ ابھی تو یہ آغاز ہے۔ تعلقات قائم ہونے کے بعد ہم نے تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں خاصی پیش رفت کی ہے۔ اماراتی سفارت خانہ معاہدہ ابراہیم کے مقاصد کی تکمیل کے لیے بھرپور انداز سے کام کرتا رہے گا۔ جبکہ اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ نے اپنے خطاب میں کہاکہ اماراتی سفارت خانے کا اسرائیل میں قائم ہونا ایک خواب کی ناممکن تعبیر پوری ہونے کی مانند ہے۔