ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے عباسی شہید اسپتال میں پانچ سینئر ڈاکٹرز پر مشتمل کوویڈ۔19 ویجی لینس کمیٹی قائم کردی

بدھ 28 جولائی 2021 19:19

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2021ء) ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے عباسی شہید اسپتال میں پانچ سینئر ڈاکٹرز پر مشتمل کوویڈ۔19 ویجی لینس کمیٹی قائم کردی ہے جس کے اراکین میں پرنسپل کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ڈاکٹر آفتاب امتیاز، کنوینئر ایگزیکٹو کمیٹی کے ایم ڈی سی ڈاکٹر فرحت جعفری، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ عباسی شہید اسپتال ڈاکٹر ندیم آصف، ڈائریکٹر عباسی شہید اسپتال ڈاکٹر ایم نادر خان اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سرفراز رفیقی شہید اسپتال ڈاکٹر ندیم راجپوت شامل ہیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد کی صدارت میں بدھ کے روز ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن خالد خان، ڈاکٹر فرحت جعفری، ڈاکٹر آفتاب امتیاز، ڈاکٹر ندیم راجپوت، ڈاکٹر محمد علی عباسی، سیف عباس اور دیگر افسران نے شرکت کی، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ عباسی شہید اسپتال میں قائم کوویڈ ایمرجنسی وارڈ کے متعلق تمام حتمی فیصلے اس ویجی لینس کمیٹی کی ذمہ داری ہوگی اور کوئی بھی اس کمیٹی کے فیصلوں کو چیلنج نہیں کرسکے گا، اجلاس میں بتایا گیا کہ اب تک 38 مریض کوویڈ ۔

(جاری ہے)

19 وارڈ میں زیر علاج ہیں اور کراچی کی تشویشناک صورتحال کے پیش نظر مسلسل مریضوں کی اسپتال آمد جاری ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ کوویڈ وارڈ کے چوتھے فلور پر 16 بیڈز کا مزید اضافہ کیا جا رہا ہے جس کے لئے وینٹی لیٹرز کا انتظام کرلیا گیا ہے تاکہ مزید مریضوں کے لئے گنجائش مہیا کی جائے انہوں نے ایک بار پھر شہریوں سے اپیل کی کہ وہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر سماجی میل جول میں احتیاط کریں اور ماسک کا استعمال کریں، طبیعت خراب ہونے کی صورت میں کسی بھی قریبی اسپتال یا مرکز صحت سے فوری رابطہ کریں تاکہ قیمتی جانوں کو بچایا جاسکے، انہوں نے یہ بھی درخواست کی کہ شہری کچھ عرصے کے لئے نجی تقریبات منسوخ کردیں اگر ایسا نہیں کیا گیا تو صورتحال سنگین شکل اختیار کرسکتی ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد کی طرف سے قائم کردہ کوویڈ ۔

19 ویجی لینس کمیٹی کے ذمے جو امور شامل ہیں ان کے مطابق کمیٹی عباسی شہید اسپتال میں قائم کوویڈ۔19 ایمرجنسی وارڈ کے تمام تر انتظامات کی ذمہ دار ہوگی اور اس وارڈ کو 24 گھنٹے ضروری ادویات ، لیبارٹری ٹیسٹ، تشخیصی سہولیات اور دیگر متعلقہ اشیاء فراہم کرے گی، کمیٹی کوویڈ۔19 کے تمام مریضوں کو اسپتال میں داخل کرنے اور ہرممکن بہتر علاج کی سہولت فراہم کرنے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات عمل میں لائے گی، کوویڈ۔

19 ایمرجنسی وارڈ میں تمام میڈیکل عملہ بشمول ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف اور دیگر متعلقہ افراد کی حاضری کا ریکارڈ بھی اس کمیٹی کے پاس ہوگا، اس کے علاوہ یہ کمیٹی پیشگی ڈیوٹی روسٹر تیار کرے گی اور نئے قائم کئے جانے والے کوویڈ۔19 ایمرجنسی وارڈ میں تینوں شفٹوں میں عملے کی مکمل حاضری کو یقینی بنانے کے ساتھ عملے کے کسی بھی رکن کی طرف سے غفلت کی صورت میں معاملات کی درستگی کی ذمہ دار بھی ہوگی، عباسی شہید اسپتال میں کوویڈ۔

19 ویجی لینس کمیٹی قائم کرنے کا مقصد کوویڈایمرجنسی وارڈ کو مکمل طور پر فعال کرنے کے ساتھ اسے بہترین انداز میں چلانا ہے تاکہ کورونا سے متاثرہ مریضوں کو فوری اور بہترین علاج معالجے کی خدمات فراہم کی جاسکیں، وارڈ میں 18 وینٹی لیٹرز، آئی سی یو اور دیگر سہولیات بھی دستیاب ہیں۔