ٹوکیو اولمپکس، ماحور شہزاد نے نسل پرستانہ بیان کے بعد پٹھان برادری سے معافی مانگ لی

پٹھان بھائیوں کیخلاف کسی بھی طرح سے نسل پرستانہ تبصرے کرنے کا ارادہ نہیں رکھتی تھی،میرا ہدف اپنے خلاف مہم چلانے والے کچھ کھلاڑی تھے: بیڈمنٹن سٹار

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 29 جولائی 2021 13:45

ٹوکیو اولمپکس، ماحور شہزاد نے نسل پرستانہ بیان کے بعد پٹھان برادری ..
ٹوکیو (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 29 جولائی 2021ء ) ٹوکیو اولمپکس میں شرکت کرنے والی قومی بیڈ منٹن سٹار ماحور شہزاد نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پٹھان برادری سے معذرت کرلی ۔ ویڈیو میں ماحور کو یہ کہتے ہوئے دیکھا جا رہا ہے کہ جب اسے ان کی کامیابیوں پر داد ملی ہے تو ، کچھ ساتھی پٹھان کھلاڑی ان پر ’رشک‘ کرتے ہیں۔ بیڈمنٹن کھلاڑی کو اپنی ساتھی کھلاڑیوں کی تضحیک کرنے اور پٹھان برادری کیخلاف تعصب کا مظاہرہ کرنے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ماحورشہزاد نے اپنے فیس بک اور ٹویٹر اکاؤنٹ پر اپنے بیان سے معذرت کرتے ہوئے ایک بیان شائع کیا۔ ماحور نے لکھا کہ ’’میں یہ معافی اپنے پٹھان بھائیوں کیلئے لکھ رہی ہوں جن کیخلاف میں کسی بھی طرح سے نسل پرستانہ تبصرے کرنے کا ارادہ نہیں رکھتی تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کچھ پاکستانی بیڈمنٹن کھلاڑی ان کے خلاف منفی مہم چلا رہے ہیں اور انہوں نے صرف اپنے ویڈیو انٹرویو میں ان کا حوالہ دیا۔

ماہور نے اپنے ’پٹھان بھائیوں اور بہنوں‘ کے جذبات مجروح کرنے پر معذرت کی اور مزید کہا کہ اس کے لئے پنجابیوں ، سندھیوں ، بلوچوں اور پٹھان بھائیوں/ بہنوں کی محبت اور حمایت کے بغیر عالمی سطح پر مقابلہ کرنا کسی طور پرممکن نہ ہوتا‘‘۔
یاد رہے کہ ٹوکیو اولمپکس کے دونوں میچز میں شکست سے دوچار ہونے والی بیڈمنٹن پلیئر ماحور شہزاد نے غصے میں ساتھی کھلاڑیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میرے اولمپکس میں جانے سے ساتھی کھلاڑی جل گئیں۔

ماحور شہزاد ساتھی بیڈمنٹن پلیئرز کو حاسد قرار دیتے ہوئے علاقائی تعصب بھی لے آئیں۔ واضح رہے کہ پاکستانی بیڈمنٹن کھلاڑی ماحور شہزاد میگا ایونٹ میں مسلسل اپنا دوسرا میچ بھی ہارگئیں، برطانوی کھلاڑی نے ماحور کو 14-21 اور 14-21 سے شکست دی۔ اس سے قبل ماحور شہزاد کو جاپان کی یاماگوچی نے اسٹریٹ سیٹس میں شکست دی تھی میچ میں یاماگوچی کی جیت کا اسکور 21-3 اور 8-21 رہا۔

ماحور شہزاد پاکستان کی نمبرون بیڈ منٹن کھلاڑی ہیں، ماحور نے پاکستان انٹرنیشنل بیڈمنٹن ٹورنامنٹ 2017ء کے سنگلز میں سونے اور ڈبلز مقابلوں میں کانسی کا تمغہ جیتا جبکہ جنوری 2017ء میں نیشنل بیڈمنٹن چیمپئن شپ کے سنگلز مقابلوں کی فاتح رہیں اور خواتین کے ڈبلز مقابلوں میں دوسری پوزیشن حاصل کی تھی۔ اس کے علاوہ ماحور جنوبی کوریا میں ہونے والی ایشیئن گیمز 2014ء میں پاکستان کی نمائندگی بھی کر چکی ہیں جس کے بعد انھوں نے 2015ء اور 2016ء میں منعقد ہونے والے آل پاکستان رینکنگ بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے خواتین کے سنگلز مقابلے جیتے جبکہ نیشنل بیڈمنٹن چیمپئن شپ 2015ء میں دوسری پوزیشن حاصل کی تھی۔