سیالکوٹ ضمنی الیکشن، لیگی رہنماؤں نے مریم نواز کے دھاندلی کے بیانیے کی نفی کر دی

الیکشن میں ہمیں دھاندلی کے کوئی شواہد نہیں ملے،پی ٹی آئی کو مبارکباد دیتے ہیں۔ لیگی رہنما ملک احمد خان اور سیدہ نوشین افتخار کا بیان

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 29 جولائی 2021 16:18

سیالکوٹ ضمنی الیکشن، لیگی رہنماؤں نے مریم نواز کے دھاندلی کے بیانیے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 جولائی2021ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما ملک احمد خان کا کہنا ہے کہ آج کے الیکشن میں ہمیں دھاندلی کے کوئی شواہد نہیں ملے۔ عثمان ڈار کی جماعت الیکشن جیتی ہے اور ہم تحریک انصاف کو مبارکباد دیتے ہیں۔میرے پاس اب تک کوئی ثبوت نہیں آئے جو میں کہوں کہ دھاندلی ہوئی ہے۔پری پول ہمارے اعتراضات تھے تاہم پولنگ کے دن میں دھاندلی کے کوئی شواہد نہیں ملے۔

جب کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما نوشین افتخار نے بھی عثمان ڈار کو الیکشن میں جیت کی مبارکباد دیتے ہوئے طنزیہ لہجے میں کہا کہ الیکشن جیتنے کے لیے بہت خوب منصوبہ بندی کی گئی تھی،ڈسکہ میں ان کو کامیابی نصیب نہیں ہوئی لیکن یہاں جیت گئے۔انہوں نے مزید کہا کہ دھاندلی کے ثبوت نہیں ملے اس لیے ہم پی ٹی آئی کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

جب کہ تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈارکی جانب سے دونوں لیگی رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا گیا۔

۔واضح رہے کہ پی پی 38 سیالکوٹ ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن کو 30 سال بعد اس نشست پر شکست ہوئی، صوبہ پنجاب کے شہر سیالکوٹ سے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 38 میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں ہونے والی پولنگ کے بعد غیر سرکاری غیر حتمی نتائج موصول ہونے کا سلسلہ ختم ہو گیا۔ اطلاعات کے مطابق اب تک 165 میں سے تمام پولنگ اسٹیشنوں کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج سامنے آچکے ہیں ، جن کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار احسن سلیم بریار 62 ہزار سے زائد ووٹ لے کر فتحیاب قرار پائے، جبکہ لیگی امیدوار طارق سبحانی 53 ہزار 471 ووٹ حاصل کر سکے، یوں حکمراں جماعت نے یہ ضمنی الیکشن جیت لیا، تاہم سرکاری اعلان ہونا باقی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ مسلم لیگ ن کو سیالکوٹ کی اس نشست پر 30 سال بعد شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، گزشتہ 3 دہائیوں کے دوران ن لیگ ہمیشہ اس نشست پر فتحیاب ہوتی رہی، تاہم اب حکمراں جماعت تحریک انصاف نے ن لیگ کی مضبوط ترین نشست چھین لی ہے۔ دوسری جانب ضمنی الیکشن کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے حوالے سے معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے بھی ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی پی 38 میں بلے نے شیر کی ٹانگیں توڑ دیں، آرکریں گے پار کریں گے، شیر کے ٹکڑے 4 کریں گے۔