صدر سے جنوبی افریقن جنرل کی ملاقات ،دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

دونوں ممالک کے باہمی مفاد کے لئے دفاعی تعاون مزید وسیع کرنے کی ضرورت ہے، صدر مملکت عارف علوی عالمی برادری بھارتی مقبوضہ کشمیر کے عوام کو حق خودارادیت دلانے کیلئے سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرائے ، عارف علوی

جمعرات 29 جولائی 2021 17:58

صدر سے جنوبی افریقن جنرل کی ملاقات ،دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2021ء) صدر عارف علوی سے جنوبی افریقہ کے چیف آف نیشنل ڈیفنس فورسز، جنرل رڈزانی مفوانایا نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔ صدر مملکت نے کہاکہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین دفاعی میدان میں بہترین تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے باہمی مفاد کے لئے دفاعی تعاون مزید وسیع کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان جنوبی افریقہ کے ساتھ تجارتی ، سرمایہ کاری اور دفاعی تعلقات مزید بڑھانا چاہتا ہے ، دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے کی کافی صلاحیت موجود ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان اپنی ’’لٴْک افریقہ‘‘پالیسی کے تحت جنوبی افریقہ کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ، دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کیلئے فوجی اور سیاسی سطح پر تبادلوں میں اضافے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے ملاقات میں بھارتی مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی سیکورٹی فورسز کی جانب سے انسانی حقوق کی پامالیوں پر بھی روشنی ڈالی۔ صدر مملکت نے کہاکہ ہندوستان بے گناہ کشمیری مسلمانوں کو شہید ، آبادیاتی تناسب تبدیل کرنے کے لئے غیر کشمیریوں کو ڈومیسائل جاری کر رہا ہے، عالمی برادری بھارتی مقبوضہ کشمیر کے عوام کو حق خودارادیت دلانے کیلئے سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرائے ۔جنرل رڈزانی مفوانایا نے کہاکہ دونوں ملکوں کی مسلح افواج کے درمیان بہتر تعلقات کو فریقین کے باہمی مفاد کے لئے مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔