’سعودی کھلاڑی ، اسرائیلی کھلاڑی سے ہار کر بھی ہیرو بن گئیں‘

جوڈو کے مقابلے میں ثانی القحطانی کی ہار کے باوجود ان کی حوصلہ افزائی کا ٹرینڈ بن گیا، سعودی شہزادی ریما بنت بندر نے سعودی خواتین کھلاڑیوں کی کارکردگی کو شاندار قرار دے دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 31 جولائی 2021 11:02

’سعودی کھلاڑی ، اسرائیلی کھلاڑی سے ہار کر بھی ہیرو بن گئیں‘
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔31 جولائی 2021ء ) ٹوکیو اولمپکس میں سعودی عرب کی جوڈو کی خاتون کھلاڑی ثانی القحطانی کا گزشتہ روز 30 جولائی کو اسرائیلی کھلاڑی راز ھیشکس سے مقابلہ ہوا۔ اگرچہ 78 کلو گرام وزن کی کیٹگری میں یہ مقابلہ قحطانی کے مدمقابل سرائیلی کھلاڑی نے جیت لیا ۔ تاہم جوڈو کے مقابلے میں تھانی القحطانی کی ہار کے باوجود سیکڑوں کی تعداد میں لوگوں کی جانب سے اسے سراہا جا رہا ہے۔

لوگوں کا کہنا ہے کہ ”تھانی اپنا سفر جاری رکھو، آگے اوربھی مراحل آئیں گے جن میں فتح یاب ہو گی۔“ ٹوکیو اولمپکس میں القحطانی سعودی عرب کے 33 کھلاڑیوں کے دستے میں بطور جوڈو کھلاڑی شامل تھیں۔ العربیہ نیوز کے مطابق عالمی اولمپک کمیٹی کی رکن اور ٹوکیو میں منعقعدہ اولمپک مقابلے 2020 میں سعودی وفد کی رکن شہزادی ریما بنت بندر نے سعودی خواتین کھلاڑیوں یاسمین الدباغ اور الجودو تھانی القحطانی کے اولمپک مقابلوں میں شرکت پر مسرت کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

شہزادی ریما نے اس حوالے سے ٹویٹر پیغام میں کہا ’انہیں یاسمین اور تھانی پر فخر ہے کہ انہوں نے اولمپک گیمز میں سعودی خواتین کی نمائندگی کی۔ انہوں نے مزید ’2024 ہم آرہے ہیں‘۔واضح رہے ٹوکیو اولمپک گیمز میں شریک سعودی ایتھلیٹ یاسمین الدباغ 100 میٹر کی دوڑ میں نویں نمبر پر رہی جبکہ جوڈو کے مقابلے میں شریک تھانی القحطانی کامیابی حاصل نہ کر سکیں۔

اس مقابلے سے قبل سوشل میڈیا پر القحطانی سے اظہار یکجہتی اور ان کا حوصلہ بڑھانے کے لیے ہیش ٹیگ بنا دیا گیا تھا جس میں ان کے لیے دعائیں بھی کی گئیں اور ان کے لیے حوصلہ افزائی سے بھرپور پیغا مات بھی پوسٹ کیے گئے۔ایک خاتون ٹویٹر صارف غدا الغنائم نے لکھا ”مقابلہ نہ چھوڑنا، اس (اسرائیلی کھلاڑی) کا سامنا کرو۔ تم جیتو یا ہارو، ہماری نظر میں تم ہیرو ہو۔

ملک کا فخر ہو، ہم سب کی جانب سے تمہارے لیے نیک خواہشات ہیں۔“واضح رہے کہ الجزائر کی جوڈو کی کھلاڑی فتحی نورین نے اسرائیلی کھلاڑی سے مقابلے سے انکار کر دیا تھا، جس کے بعد انٹرنیشنل جوڈو فیڈریشن نے فتحی اور ان کے کوچ کی رکنیت معطل کر دی ہے اور اسرائیلی کھلاڑی کے مقابلے میں سعودی کھلاڑی ثانی القحطانی کا نام شامل کیا تھا۔