بھارتی ڈیلٹا ویرینٹ کے پھیلا ئومیں اضافے کے پیش نظر لاہور کے 13علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈان نافذ

ان علاقوں میں تمام مارکیٹس، دفاتر،ریستوران، سرکاری و پرائیویٹ دفاتر بند رہیں گے‘نوٹیفکیشن جاری

ہفتہ 31 جولائی 2021 19:09

بھارتی ڈیلٹا ویرینٹ کے پھیلا ئومیں اضافے کے پیش نظر لاہور کے 13علاقوں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جولائی2021ء) پنجاب حکومت نے بھارتی ڈیلٹا ویرینٹ کے پھیلا ئومیں اضافے کے پیش نظر لاہور کے 13علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈان نافذ کردیا ، ان علاقوں میں تمام مارکیٹس، دفاتر،ریستوران،آفس (سرکاری و پرائیویٹ)بند رہیں گے۔لاہور کے 13 علاقوں میں 12اگست 2021 تک آمد و رفت کنٹرولڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ لاہور کے 13علاقوں میں سمارٹ لاک ڈائون کا نفاذ کیا جارہا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق تمام تر مذہبی، ثقافتی، نجی و پرائیویٹ اجتماعات پر مکمل پابندی ہو گی، لاک ڈائون شدہ ایریاز میں صرف اشیا ئے ضروریہ سے متعلقہ کاروبار ، بڑے ڈیپارٹمنٹل سٹورز میں صرف گروسری/فارمیسی سیکشن کھل سکیں گے۔سرکاری دفاتر کے ملازمین کی متعلقہ ڈیپارٹمنٹ سے ڈیوٹی نوٹیفائی کی جائے تاہم جج صاحبان، وکلا ء اور عدالتی عملہ ، صحت سے متعلقہ ادارے جیسے ہسپتال، کلینک، لیبارٹری اور دیگر اداروں کے اہلکاروں کو استثنیٰ حاصل ہوگا۔

(جاری ہے)

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار، ضروری اشیا ء فراہم کرنے والے افراد کو بھی استثنیٰ دیا گیاہے، صرف دو افراد مریض کے ساتھ جا سکیں گے۔حکومت پنجاب کی جانب سے کہا گیا ہے کہ لاک ڈائون زدہ علاقوں کے افراد صرف قریبی علاقوں سے گروسری اور ادویات لینے جا سکیں گے ، نماز جنازہ اور دیگر ضروری مذہبی رسومات کی تکمیل کی بھی اجازت ہو گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی ،گیس ، پانی غرض تمام یوٹیلٹی سروسز کے ادارے کھل سکیں گے اور کال سینٹرز کو صرف 50 فیصد عملہ کے ساتھ کام کرنے کی اجازت ہوگی جبکہ بینک صرف ضروری اسٹاف کے ساتھ کھل سکیں گے۔جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیاہے کہ ریسٹورنٹس سے ہوم ڈلیوری کی سہولت جاری رہ سکے گی ، فری دسترخوان اور فلاحی ادارے کام کر سکیں گے اور انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ سے نامزد اخبار فروش اور میڈیا ورکرز کو کام کی اجازت ہوگی۔متعلقہ ڈویژن کے کمشنر حسب ضرورت جس کاروبار اور سرگرمی کی اجازت دیں ، اس کے علاوہ لاہور کے تمام علاقے 30 جون 2021 کے آرڈرز کے تحت کھل سکیں گے۔