ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم کی ممبران امن کمیٹی، لائسنس داران اور منتظمین مجالس کے ساتھ میٹنگ

Tariq Majeed Khokhar طارق مجید کھوکھر منگل 3 اگست 2021 17:06

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم کی ممبران امن کمیٹی، لائسنس داران اور منتظمین ..
جہلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 اگست2021ء) امروز شاکر حسین داوڑ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم کی زیر صدارت پولیس لائنز جہلم میں محرم الحرام کے حوالے سے سٹی، صدر اور سوہاوہ سرکل کے ممبران امن کمیٹی، منتظمین اور لائسنس داران کے ہمراہ میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔میٹنگ میں ممبران امن کمیٹی، منتظمین اور لائسنس داران کی کثیر تعداد نے بھرپور شرکت کی۔


میٹنگ میں محمد اکرم DSP ہیڈ کوارٹرز، محمد ابراہیم DSP سٹی سرکل، محمود احمد شاہ DSP صدر سرکل، سید اقبال حسین کاظمی DSP سوہاوہ سرکل اور ایس ایچ اوز ضلع ہذا نے شرکت کی۔
میٹنگ سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام ہمیں بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔محرم الحرام کے دوران جلوس اور مجالس پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں گے اور سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ ضلع میں امن و امان کی فضا کو قائم رکھا جاسکے۔

(جاری ہے)

جہلم امن کا خطہ ہے اور یہاں کے لوگ امن پسند ہیں۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم نے مزید کہا کہ محرم الحرام کے دوران قانون شکنی کرنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔محرم الحرام کے دوران کوئی بھی مشکوک شخص یا لاوارث چیز نظر آئے تو اس کی اطلاع فوری طور پر مقامی پولیس کو دیں۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرجہلم نے شرکاء میٹنگ کو دوران محرم الحرام منعقدہ مجالس اور جلوس کے آغاز و اختتام کے اوقات کار پر عمل درآمد اور COVID-19 کے حوالے سے احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا۔

منتظمین و لائسنس داران کو پابند کیا جائے کہ وہ کسی ایسے ذاکر /علماء کو مدعو نہ کریں گے جس پر ضلع ہذا میں پابندی عائد کی گئی ہو۔ علاوہ ازیں منتظمین مجالس اور لائسنس داران حکومت پنجاب کی جانب سے جاری شدہ ہدایات کے مطابق ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں گے۔دوران میٹنگ منتظمین اور لائسنس داران نے جلوس و مجالس کے حوالے سے مسائل سے آگاہ کیا جس پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم نے شرکاء میٹنگ کو یقین دہانی کروائی کہ ان کے تمام مسائل کو قبل از وقت حل کروایا جائے گا تاکہ کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔ممبران امن کمیٹی، منتظمین اور لائسنس داران کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی گئی۔بعداز میٹنگ ملک و قوم کی سلامتی کے لیے دعائیں کی گئیں۔