وزیراعلیٰ بلوچستان ویمن کرکٹ کو نظرانداز کرنے پر پی سی بی پر برہم

ٹی ٹونٹی ویمن کرکٹ میں پی سی بی کی دلچسپی صفر ،چیئرمین پی سی بی اور قومی ویمن ٹیم کی سلیکٹر کو اس وقت کوئٹہ میں ہونا چاہیئے تھا: جام کمال

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 3 اگست 2021 17:48

وزیراعلیٰ بلوچستان ویمن کرکٹ کو نظرانداز کرنے پر پی سی بی پر برہم
کوئٹہ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 3 اگست 2021ء ) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے ویمن کرکٹ کو نظرانداز کرنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام سے ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ جام کمال نے کہا کہ کوئٹہ میں ہونے والے ٹی ٹونٹی ویمن کرکٹ میں پی سی بی کی دلچسپی صفر ہے، چیئرمین پی سی بی اور قومی ویمن ٹیم کی سلیکٹر کو اس وقت کوئٹہ میں ہونا چاہیئے تھا۔ انہوں نے کہا کہ آل پاکستان ٹی ٹونٹی میں پی سی بی کی طرف سے دلچسپی نہ لینا اچھی بات نہیں ہے۔

جام کمال نے ویمن کرکٹ لیگ کے افتتاح کے موقع پر بھی پاکستان کرکٹ بورڈ پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر وہ گراؤنڈ کو سنبھال نہیں سکتا تو صوبائی حکومت کو دے دے وہ خود دیکھ بھال کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں کرکٹ کے فروغ کیلئے پی سی بی کی کارکردگی نہ ہونے کے برابر ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آج تک کوئی بڑا ایونٹ نہیں کروایا اور نہ ہی پاکستان سپر لیگ کے میچز کوئٹہ میں کرانے کیلئے اقدامات کیے۔

خیال رہے کہ کوئٹہ میں آل پاکستان چیف منسٹر بلوچستان ڈائمنڈ جوبلی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ویمن ٹی ٹوئنٹی کرکٹ لیگ 2021ء کا آغاز 27 جولائی کو ہوا تھا اور اس کا فائنل میچ آج خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی ٹیموں کے درمیان بگٹی سٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ یہ میچ بلوچستان حکومت اور پاکستان سپر لیگ کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے منعقد کیے جارہے ہیں۔ کورونا وبا کے باعث گراؤنڈ میں شائقین کو آنے کی اجازت نہیں دی گئی اور کھلاڑیوں پر بھی پابندیاں لگائی گئی ہیں۔