آئی جی پنجاب کی یادگار شہدامال روڈ لاہور پر سلامی پھول چڑھانے کے بعد شہدائے پولیس کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی

شہداء پنجاب پولیس کے ماتھے کا جھومر ہیں جن کی فرض شناسی اور جذبہ خدمت پوری فورس کیلئے مشعل راہ ہے ‘ آئی جی پنجاب انعام غنی

بدھ 4 اگست 2021 21:02

آئی جی پنجاب کی یادگار شہدامال روڈ لاہور پر سلامی پھول چڑھانے کے بعد ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2021ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجا ب انعام غنی نے کہاہے کہ پنجاب پولیس کے شہداء محکمے کے ماتھے کا جھومر ہیں جنہوں نے قوم کے روشن اور پر امن مستقبل کی خاطر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے محکمے کی عزت و وقار کو چار چاند لگادیئے ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ زندہ قومیں اپنے شہداء کو کبھی فراموش نہیں کرتیں ، شہداء پولیس ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں جن کی جرات اور بہادری کی داستانیں پوری فورس کیلئے مشعل راہ ہیں ۔

انہوں نے مزیدکہاکہ میںآج کے دن شہداء کی فیملیز کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں اور بحیثیت سربراہ پنجاب پولیس ان عظیم خاندانوں کی بہترین ویلفیئر میری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ چار اگست یوم شہدائے پولیس کے ساتھ تجدید عہد کا دن ہے اور آج کے دن تمام پولیس افسران واہلکار اس عہد کی تائید کرتے ہیں کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کی خاطر ہمیں اگرمزید جانوں کے نذرانے پیش بھی کرنا پڑے تو اس سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزیدکہاکہ یوم شہدائے پولیس کی وساطت سے فورس کیلئے یہ پیغام ہے کہ وہ پبلک سروس ڈلیوری کو مزید بہتر سے بہتر بنائیں ، شہریوں کی خدمت اور تحفظ کو اپنا نصب العین سمجھیں۔ اقلیتوں ، مظلوموں ، بزرگوں اور غریب شہریوں کی خدمت کو اولیت دیں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کاروائیوں میں کوئی کسر باقی نہ چھوڑیں صرف اسی صورت میں ہم شہداء کے مشن کو جاری رکھ سکتے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یادگار شہداء مال روڈ پر پنجاب پولیس کے شہداء کے اعزاز میں سجائی گئی تقریب میںپولیس افسران اور میڈیا نمائندگان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر، ڈی آئی جی آپریشنز ساجد کیانی، سی ٹی او لاہور منتظر مہدی سمیت لاہور پولیس کے دیگر اعلی افسران بھی موجود تھے ۔مزید برآں ، آئی جی پنجاب کی ہدایت پر صوبے کے تمام اضلاع میں یوم شہدائے پولیس روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایاگیا ۔

کورونا کی وباء کے باعث اگرچہ باقاعدہ منظم اور وسیع پیمانے پر تقریبات منعقد نہیں کی گئی لیکن سینئر افسران نے اپنے اپنے اضلاع کے شہداء کی قبروں پر جاکر انہیں سلامیاں پیش کیں اور انکے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔پولیس کے چاک و چوبند دستوں نے قوم کے ہیروز شایان شان خراج تحسین پیش کیا۔ سینئر افسران نے شہداء کے گھروں میں جا کر ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور خوشی غمی کے ہر موقع پر ان کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے عزم کی تجدیدکی۔

پنجاب پولیس کے مرکزی میڈیا سیل نے یوم شہدائے پولیس کی مناسبت سے فرض کی راہ میں شہید ہونے والے نوجوان آفیسر کی لازوال قربانی پر مبنی خصوصی شارٹ فلم پنجاب پولیس کے آفیشل سوشل میڈیا اکائونٹس اور پیجز بشمول فیس بک ، ٹوئیٹر ، انسٹا گرام اور یوٹیوب پر ریلیز کی جسے اب تک لاکھوں افراد دیکھ اور سراہ چکے ہیں جبکہ ہزاروں صارف اسے شئیر کرچکے ہیں اور ہر گھنٹے میں اسکی پسندیدگی میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔