پاکستان میں کئی دہائیوں سے نظر انداز ہونیوالے کھیلوں کے شعبے پر بھرپور توجہ دینے کا وقت آگیا: اسد عمر

کامیاب جوان پروگرام کے تحت ٹیلنٹ ہنٹ سکیم، سپورٹس اکیڈمیز/اعلیٰ کارکردگی کے مراکز تیار کرنے کی سکیم ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ذریعے کریں گے: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 5 اگست 2021 13:57

پاکستان میں کئی دہائیوں سے نظر انداز ہونیوالے کھیلوں کے شعبے پر بھرپور ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 5 اگست 2021ء ) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان میں پچھلی کئی دہائیوں سے نظر انداز کیے جانے والے سپورٹس کے شعبے پر بھرپور توجہ دی جائے ۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹویٹر پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ’’ کامیاب جوان پروگرام کے تحت کھیلوں کے لیے پی ایس ڈی پی کے 2 نئے منصوبوں کا جائزہ لیا، ٹیلنٹ ہنٹ سکیم اور سپورٹس اکیڈمیز/اعلیٰ کارکردگی کے مراکز تیار کرنے کی سکیم۔

دونوں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ذریعے اور ملک کے تمام فیڈریٹنگ یونٹس میں کئے جائیں گے،وقت آگیا ہے کہ پاکستان میں پچھلی کئی دہائیوں سے نظر انداز کیے جانے والے سپورٹس کے شعبے پر بھرپور توجہ دی جائے‘‘۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آئندہ دو سال پاکستان میں کھیلوں پر خصوصی توجہ مرکوز کریں گے، ملکی مسائل کی وجہ سے کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کیلئے وقت نہیں دے سکا۔

(جاری ہے)

”آپ کا وزیراعظم آپ کے ساتھ” پروگرام میں کھیلوں سے متعلق سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ میں کھیلوں کے بارے میں بہتر جانتا تھا، کرکٹ، ہاکی، سکواش کا عروج دیکھا۔انہوں نے کہا کہ کھیلوں میں پستی کی بنیادی وجہ دو خاندانوں کی حکومت ہے جنہوں نے ادارے تباہ کئے، انہوں نے نیب میں اپنے من پسند افراد بٹھا کر اسے تباہ کیا لیکن ہمارے دور میں نیب نے پہلی بار بڑے لوگوں پر ہاتھ ڈالا حالانکہ وہی قانون ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کھیلوں میں ہم دنیا سے مقابلہ کر رہے تھے، دنیا اپنے جدید ذرائع سے آگے بڑھ رہے ہے، ہمارا مسئلہ کھیلوں کے ادارے نہ بنانا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سکواش میں جان شیر اور جہانگیر خان کے جانے کے بعد یہ کھیل ہمارے ہاتھ سے نکل گیا کیونکہ ہم نے سکواش کا ادارہ نہیں بنایا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے کھیلوں کے ادارے بنانے ہیں، پروفیشنلز لے کر آنے ہیں، آخری دو سال میں اس پر بھرپور توجہ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سسٹم بہتر ہونے کی وجہ سے نیوزی لینڈ نے بھارت کو ہرا دیا، ہم نے یونین کونسل کی سطح تک میدان بنانے کا فیصلہ کیا ہے، ہم آہستہ آہستہ سسٹم ٹھیک کریں گے۔