زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی طرف سے انڈرگریجوایٹ ڈگری پروگرامز میں داخلوں کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعرات 5 اگست 2021 15:24

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 اگست2021ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی طرف سے انڈرگریجوایٹ ڈگری پروگرامز میں داخلوں کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ کنونیئر ایڈمشن کمیٹی پروفیسرڈاکٹر شہباز طالب ساہی کے دفتر سے جاری ہونیوالی تفصیلات کے مطابق امسال کرونا وائرس سے پیدا ہونیوالی تعلیمی مشکلات اور ایف ایس سی پارٹ ون کے نتائج دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے میٹرک اور انٹری ٹیسٹ میں حاصل نمبروں کو بنیاد بناکر میرٹ ترتیب دیا جائے گا۔

انڈرگریجوایٹ ڈگری پروگرامز میں داخلے کے خواہش مند نوجوانوں سے کہا گیا ہے کہ وہ 13اگست تک یونیورسٹی ویب سائٹ پر موجود ایڈمشن پورٹل کے ذریعے خود کو آن لائن رجسٹرکریں۔یونیورسٹی کے مرکزی کیمپس سمیت صوبہ بھر میں قائم 13ٹیسٹ سینٹروں پر انٹری ٹیسٹ میں شمولیت کیلئے اُمیدواروں سے کہا گیا ہے کہ ویب پورٹل پر مجوزہ دونوں انٹری ٹیسٹوں کی رجسٹریشن 13اگست تک ہمہ وقت جاری رہے گی لہٰذا اُمیدواراپنی مرضی اور سہولت کے مطابق انٹری ٹیسٹ کیلئے علیحدہ فیس جمع کروائیں گے۔

(جاری ہے)

پہلا انٹری ٹیسٹ اتوار 22جبکہ دوسرا ٹیسٹ اتوار 29اگست کو فیصل آباد سمیت صوبے کے 13اضلاع میں قائم انٹری ٹیسٹ مراکز پر ہمہ وقت منعقد ہوگا۔کنونیئرایڈمشن کمیٹی کی طرف سے واضح کیا گیا ہے کہ بنیادی زرعی علوم اورملحقہ ڈگری پروگرامز کے علاوہ بنیادی سائنسز کے تمام پروگرامز جن میں باٹنی‘ زوالوجی‘ کیمسٹری‘ فزکس‘ میتھ و سٹیٹ کی کلاسیں جھنگ روڈ پارس کیمپس پر ہونگی۔

ایڈمشن کمیٹی کی طرف سے اس امر کی بھی وضاحت کی گئی ہے کہ انٹرمیڈیٹ کے فائنل نتائج آنے پر متعلقہ ڈگری پروگرام کیلئے مطلوبہ کم سے کم نمبرحاصل نہ کرنے والے اُمیدواروں کا داخلہ منسوخ کر دیا جا ئے گا۔تعلیمی سال 2021-22ء کیلئے پیش کئے جانیوالے ڈگری پروگرامز‘ہر ایک کیلئے درکار تعلیمی قابلیت‘ ہر ڈگری پروگرام کیلئے مخصوص ٹیسٹ مضامین اور ٹیسٹ سینٹرز کی تفصیل یونیورسٹی ویب سائٹ سے ملاحظہ کریں۔

متعلقہ عنوان :