وزیر اعظم نے چیئر مین پی سی بی کو (آج)طلب کرلیا

کتنی غیر ملکی ٹیمیں پاکستان آئیں پی سی بی نے کیاکیا تمام تر تفصیلات وزیراعظم سے شیئر کی جائیں گی سرفراز نواز نے وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھ کر احسان مانی کی جگہ رمیز راجہ کو ممکنہ چیئرمین بنانے پر شدید تحفظات کا اظہار کردیا

اتوار 22 اگست 2021 14:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2021ء) وزیراعظم عمران خان نے چیئرمین پی سی بی احسانی مانی کو (آج)پیر کواسلام آباد طلب کرلیا ۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق چیئرمین پی سی بی (آج)پیر کو وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کرینگے اور انہیں اپنی تین سالہ کارکردگی رپورٹ پیش کرینگے، کتنی غیر ملکی ٹیمیں پاکستان آئیں پی سی بی نے کیاکیا تمام تر تفصیلات وزیراعظم سے شیئر کی جائیں گی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق احسان مانی وزیراعظم کو ڈومیسٹک کرکٹ ڈھانچے میں تبدیلی سے متعلق آگاہ کریں گے، احسان مانی کو مزیدتین سال کیلئے توسیع ملے گی یا نہیں،فیصلہ وزیراعظم کریں گے۔واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی کی تین سالہ مدت بدھ 24 اگست کو ختم ہورہی ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کسی کرکٹر کو چیئرمین پی سی بی بنانے کے خواہش مند ہیں اور وزیراعظم کے پرانے ساتھی رمیز راجہ پی سی بی کی چیئرمین شپ کیلئے مضبوط امیدوار ہیں۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز احسان مانی کو برقرار رکھنے کے حق میں ہیں۔ادھر سرفراز نواز نے کرکٹ بورڈ کے پیٹرن انچیف وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھ کر احسان مانی کی جگہ رمیز راجہ کو ممکنہ چیئرمین بنانے پر شدید تحفظات کا اظہار کردیا۔خط میں سرفراز نواز نے مؤقف اختیار کیا کہ بطور پیٹرن اِن چیف پی سی بی آپ کو چیئرمین کے تقرر کا حق حاصل ہے، ماضی میں بگ تھری معاملے پر رمیز راجہ کے متنازعہ بیان سامنے آئے تھے، رمیز راجہ نے کہا تھا کہ بھارتی حمایت کے لیے پاکستانیت سے دور رہیں، پاکستان مخالف بیان دینے والے شخص کو عہدہ نہیں دیا جانا چاہیے، سرفراز نواز نے سابق کرکٹر ماجد خان اور ظہیر عباس کو ممکنہ چیئرمین بنانے کی بھی تجویز دی ہے۔

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے 20 اگست 2018 کو نجم سیٹھی کی جگہ احسان مانی کو چیئرمین پی سی بی نامزد کیا تھا۔