جماعت اسلامی اقامت دین کی عالمگیر تحریک ہے جو اللہ کی دھرتی پر اللہ کے نظام کے نفاذ کیلئے کوشان ہے،محمدحسین محنتی

جماعت اسلامی سندھ کے تحت عشرہ یومِ تاسیس لیاقت بلوچ، پروفیسر ابراہیم، اسداللہ بھٹو، محمد حسین محنتی ودیگر تقریبات سے خطاب کرینگے

اتوار 22 اگست 2021 19:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2021ء) جماعت اسلامی سندھ کے تحت جماعت اسلامی کے 80ویں یومِ تاسیس کے موقع پر 21تا31اگست تک عشرہ یومِ تاسیس منایاجارہا ہے، صوبائی سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس سلسلے میں کراچی تا کشمور سندھ بھر میں عشرہ یوم تاسیس کے حوالے سے سیمینار، مذاکرے، جلسے واجتماعات منعقد کئے جارہے ہیں، جن سے جماعت اسلامی کے مرکزی رہنماء لیاقت بلوچ،پروفیسر ابراہیم، اسداللہ بھٹو، ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، امیر العظیم،صوبائی امیر محمد حسین محنتی ودیگر ادیب ودانشورحضرات مفکر اسلام سید مودودیؒ کی زیرقیادت جماعت اسلامی کے قیام کے مقاصد اور 80 سالہ دینی وسیاسی جدوجہد پر اظہار کریں گے۔

امیر جماعت اسلامی سندھ نے کہا ہے کہ 26اگست1941میں قائم ہونے والی جماعت اسلامی آج ایک تناور درخت کی شکل میں اقامت دین کی ایک عالمگیر تحریک بن چکی ہے، جو پاکستان سمیت دنیا بھر میں اور زندگی کے ہر شعبے میں اللہ کی زمین پر اللہ کے نظام کیلئے کوشاں ہے۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی ملک کی واحد دینی وسیاسی اور جمہوری جماعت ہے جس کی قیادت کرپشن سے پاک ہے۔

سابق میئر عبدالستار افغانی، ناظم نعمت اللہ خان سے لیکر کے پی کے سینئر وزیر سراج الحق کا کام وکردار پوری قوم کے سامنے ہے، جنہوں نے امانت ودیانت اور صلاحیت سے ملک وقوم کی خدمت کی ہے جس کے مخالفین بھی متعرف ہیں۔عوام نے تمام پارٹیوں ،جرنیلوں،سرمایہ داروں کو آزمایا ہے 74سال گذرنے کے باوجود عوام کے مسائل حل نہیں ہوسکے ہیں، ملک میں حقیقی تبدیلی اور ملک وقوم کی خدمت کیلئے اب جماعت اسلامی کو موقع ملنا چاہئے۔

دریں اثناء مرکزی جنرل سیکریٹری امیر العظیم 25,26اگست کو مٹھی تھرپارکر،ٹھٹہ،ٹنڈومحمد خان،حیدرآباد، مرکزی نائب امیر پروفیسر ابراہیم26,27اگست کو مٹیاری،عمرکوٹ،نواب شاہ، شہدادپور،ٹنڈوآدم،مرکزی نائب امیر لیاقت بلوچ 28,29اگست کو تنگوانی،کندھ کوٹ،لاڑکانہ، جیکب آباد،شکارپور،سکھر،ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی جامشورو، جبکہ اسداللہ بھٹو دادو، نوشہروفیروز،خیرپور میں یومِ تاسیس کے حوالے سے منعقدہ اجتماعات سے خطاب کریں گے۔