شوہر کا بیوی اور 3 بچوں کو بےدردی سے قتل کرنے کا معاملہ، اہم انکشاف ہو گیا

ملزم کو شک تھا کہ بیوی کے سابق شوہر سے تعلقات ہیں،شبے میں بیوی کو بچوں سمیت کلہاڑیوں کے وار کرکے قتل کیا،دو بچیاں معجزانہ طور پر محفوظ رہیں

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 1 ستمبر 2021 13:58

شوہر کا بیوی اور 3 بچوں کو بےدردی سے قتل کرنے کا معاملہ، اہم انکشاف ہو ..
وہاڑی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم ستمبر 2021ء) : وہاڑی میں انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں سفاک شوہر نے گھریلو ناچاقی پر بیوی اور تین بچوں کو موت کے گھاٹ اُتار دیا تھا۔ قتل ہونے والوں کی شناخت بیوی شہناز، 8 سالہ بیٹی سمیرا، 6 سالہ بیٹا زین اور 3 سالہ بیٹی شانزہ کے نام سے ہوئی ہے۔ابتدائی میں شوہر کی جانب سے بیوی بچوں کو قتل کرنے کی وجوہات نہیں بتائی گئی تھیں تاہم اب اس حوالے سے اہم انکشاف ہوا ہے ۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ عمر نامی سفاک شخص نے مبینہ طور پر سابق شوہر سے تعلقات کے شبے پر بیوی اور تین بچوں کو کلہاڑیوں کے وار کرتے ہوئے بےدردی سے قتل کر دیا۔دو بچیاں معجزانہ طور پر بچ گئیں ۔ڈی پی او نے بچ جانے والی دونوں بچیوں سے ملاقات کی ہے اور ان کے سر پر دست شفقت رکھا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہے کہ ایسے سفاک اور ظالم افراد کو قانون کےمطابق سزا دلوائیں گے۔

واضھ رہے کہ وہاڑی میں تھانہ صدر کے علاقے 30 ڈبلیو بی کی بستی ٹاوریاں والا میں گھریلو ناچاقی پر خاوند نے بیوی اور تین بچوں کو قتل کردیا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مبینہ واقعے میں ملزم عمر زمان نے کلہاڑیوں کے وار کر کے اپنی بیوی اور تین معصوم بچوں کو قتل کر دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو گرفتار کر کے آلہ قتل بھی تحویل میں لے لیا ہے۔

ڈی پی او وہاڑی امیرعبداللّٰہ خان نیازی ایلیٹ فورس اور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے۔ پولیس نے مقتولین کی میتوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا اور ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ۔واضح رہے کہ گھریلو تنازعات پر قتل و غارت کے واقعات میں حالیہ اضافہ قابل تشویش ہے۔ گذشتہ ماہ بھی سفاک شوہر نے اپنی بیوی اور دو بچوں کو قتل کر کے لاشیں جلا دی تھیں۔ صوبہ پنجاب کے ضلع لیہ میں نشے کے عادی شوہر نے گھریلو ناچاقی پر بیوی اور دوبچوں کو قتل کر کے جلا دیا جس کے بعد پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ لیہ کےعلاقے چوک اعظم میں تہرے قتل کی لرزہ خیزواردات ہوئی جہاں نشے کے عادی شخص نے بیوی اور دو بچوں کو قتل کرکے لاشوں کو آگ لگا دی۔