صوبہ پنجاب میں بڑی سیاسی اور انتظامی تبدیلیوں کا امکان

پہلے مرحلے میں متوقع طور پر 4 وزراء کے قلمدان تبدیل کیے جائیں گے ، چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب کو بھی ایک سے دو روز میں تبدیل کردیا جائے گا۔ ذرائع

Sajid Ali ساجد علی اتوار 5 ستمبر 2021 10:55

صوبہ پنجاب میں بڑی سیاسی اور انتظامی تبدیلیوں کا امکان
لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 05 ستمبر 2021ء ) صوبہ پنجاب میں بڑی سیاسی اور انتظامی تبدیلیوں کا امکان ظاہر کردیا گیا ، پہلے مرحلے میں متوقع طور پر 4 وزرا کے قلمدان تبدیل کیے جائیں گے ، چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب کو بھی ایک سے دو روز میں تبدیل کردیا جائے گا۔ میڈیا ذرائع کے مطابق صوبائی وزیر لیبر عنصرمجید کا قلمدان تبدیل کیا جاسکتا ہے ، اس کے علاوہ سینئر وزیر عبدالعلیم خان کی وزارت کا قلمدان بھی تبدیل کیے جانے کا امکان ہے جب کہ وزیر ایکسائز حافظ ممتاز کی وزارت کے قلمدان کی تبدیلی بھی متوقع ہے ، صوبائی وزیر پنجاب ملک نعمان لنگڑیال کی وزارت کے قلمدان میں بھی تبدلی ہوسکتی ہے ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ چیف سیکرٹری پنجاب کا تبادلہ بھی ہوسکتا ہے ، مرکز میں تعینات سیکرٹریز کے نام تبدیلی کے لیے زیر غور ہیں جن میں سے چیف سیکریٹری کے لیے سرداراحمد نواز سکھیرا اور یوسف نسیم کھوکھر کا نام زیر گردش ہے ، آئی جی پنجاب کے لیے محسن بٹ ، عامرذوالفقار اور اے ڈی خواجہ کے نام زیرغور ہیں ، اسی طرح گریڈ 21 کے راؤ سردار کو اہم ذمہ داری ملکے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب کو ایک سے دو روز میں تبدیل کیے جانے کا امکان ہے ، جس کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے چیف سیکرٹری اور آئی جی کے ناموں کا پینل وفاق کو بھیج دیا ہے۔ مزید یہ بھی بتایا گیا ہے کہ صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت دیگر شہروں کے پولیس چیف اور اعلیٰ انتظامی افسران بھی تبدیل ہوں گے ، پنجاب کے اعلیٰ عہدوں پر وفاق سے تعیناتی کی جاتی رہی ہے لیکن اس بار وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کسی سے مشورے کے بغیر کیے گئے اپنے فیصلے سے وفاق کو آگاہ کردیا ہے۔