دبئی کے حکمران کا ایکسپو سائٹ کا سائیکل پر دورہ ، ویڈیو وائرل

شیخ محمد بن راشد المکتوم کا دورہ ایکسپو 2020 دبئی کی تیاریوں کے طور پر سامنے آیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 13 ستمبر 2021 15:23

دبئی کے حکمران کا ایکسپو سائٹ کا سائیکل پر دورہ ، ویڈیو وائرل
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 13 ستمبر 2021ء ) دبئی کے حکمران کے سائیکل پر ایکسپو 2020ء سائٹ کے دورے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے ایکسپو 2020 دبئی سائٹ کا سائیکل پر ٹور کیا ، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ شیخ محمد بن راشد المکتوم کا دورہ ایکسپو 2020 دبئی کی تیاریوں کے طور پر سامنے آیا کیوں کہ دنیا اگلے مہینے میگا ایونٹ کے آغاز کا بے صبری سے انتظار کر رہی ہے ، میگا ایونٹ سے پہلے تمام مقامی اور وفاقی ایجنسیوں کی جانب سے تیاری زوروں پر ہے اور یکم اکتوبر سے دنیا بھر سے آنے والے افراد کے لیے دبئی ایکسپو 2020ء کے دروازے کھول دیے جائیں گے اور توقع کی جارہی ہے کہ ایونٹ 190 ممالک کے نمائش کنندگان اور وفود کے ساتھ ساتھ لاکھوں سیاحوں کی اپنی جانب متوجہ کرے گا۔

(جاری ہے)

 
 
علاوہ ازیں متحدہ عرب امارات میں ایکسپو2020ء کے دوران سیاحت کو فروغ دینے کے لیے ایمریٹس ایئرلائن نے آسٹریلوی اداکار کرس ہیمزورتھ کو اپنی نئی تشہیری مہم کا حصہ بنا لیا اور دبئی ایکسپو2020 کیلئے ایمریٹس کی تیار کردہ ویڈیو آتے ہی مقبول ہوگئی ، ڈیڑھ منٹ کی اس ویڈیو مہم جس کو 2 بار آسکر ایوارڈ جیتنے والے ہدایت کار روبرٹ سٹرومبرگ کی جانب سے ڈائریکٹ کیا گیا ہے جو کہ ایکسپو2020ء کے انعقاد سے30 دن پہلے سامنے آئی ، ویڈیو میں اداکار کرس ہیمزورتھ پیغام دیتے ہیں کہ آپ مستقبل دیکھنا چاہتے ہیں تو آئیے ، یہ دبئی ہے اور یہ دنیا کا سب سے بڑا شو ہے۔

 
 
ویڈیو میں جین وائلڈر کے ساؤنڈ ٹریک ’پیور امیجی نیشن‘ کی دھن آرکیسٹرا پر بجتی سنائی دیتی ہے جسے بچے کورس کی صورت میں گا رہے ہیں ، یہ مہم ٹیکنالوجی، جدت اور تخلیق کے موضوع پر مبنی ہے ، اس ویڈیو کو 2019ء میں فلمایا گیا تھا اور اب ایکسپو2020ء کے انعقاد سے قبل اس میں بے شمار سی جی آئی اینی میشنز کا استعمال کیا گیا ہے جس کا مقصد یہ بتانا ہے کہ یہ تقریب کیسی ہوگی۔