Live Updates

وزیراعظم عمران خان اور روسی صدر ولادیمیرپیوٹن کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ

افغانستان کی تازہ صورتحال اور پاک روس دوطرفہ تعلقات سےمتعلق تبادلہ خیال، پاکستان گیس اسٹریم پائپ لائن منصوبے کو جلد عملی جامہ پہنایا جائے گا، تجارت اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط کرنا ہوگا۔وزیراعظم عمران خان کی روسی صدر سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 14 ستمبر 2021 19:00

وزیراعظم عمران خان اور روسی صدر ولادیمیرپیوٹن کے درمیان ٹیلی فونک ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14ستمبر2021ء) وزیراعظم عمران خان اور روس کے صدر پیوٹن کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، افغانستان کی تازہ صورتحال اور پاک روس مجموعی تعلقات کو مضبوط کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا، وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان گیس اسٹریم پائپ لائن منصوبے کو جلد عملی جامہ پہنایا جائے گا، تجارت اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کو مزیدمضبوط کرنا ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور روس کے صدر پیوٹن کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، افغانستان کی تازہ صورتحال، دوطرفہ تعلقات اور شنگھائی تعاون تنظیم میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعظم عمران خان نے روسی صدر پیوٹن کو دورہ پاکستان کی دعوت دی ، روسی صدر نے بھی وزیراعظم کو دورہ روس کی دعوت دی، دونوں رہنماؤں کے درمیان کچھ ہی دنوں میں دوسرا رابطہ ہے۔

(جاری ہے)

دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطے میں رہنے پر بھی اتفاق کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عالمی برادری کو افغانستان کی عوام کو اہم موڑ پر تنہا نہیں چھوڑنا چاہیے، افغانستان کو امداد دینے اور معاشی بحران سے بچانے کی ضرورت ہے۔ اسی طرح وزیراعظم عمران خان اور روسی صدر پیوٹن نے پاک روس مجموعی تعلقات کو مضبوط کرنے اور مزید فروغ دینے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔

وزیراعظم نے پاکستان گیس اسٹریم پائپ لائن منصوبے کو جلد عملی جامہ پہنانے کا عزم کیا، عمران خان نے کہا کہ تجارت اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کو مضبوط کرنا ہوگا۔ دوسری جانب کابل میں  پاکستان کے سفیر منصور احمد خان نے افغانستان کے نئے وزیرخارجہ امیر خان متقی سے ملاقات کی اور دو طرفہ تعاون کو  مضبوط بنانے  پر تبادلہ خیال کیا۔ منصور احمد خان کی طرف سے   منگل کو جاری ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ ملاقات میں بالخصوص انسانی ہمدردی، معیشت اور عوامی  سطح پر تبادلوں میں سہولت کے ساتھ دو طرفہ تعاون کو  مزید مستحکم بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات