Live Updates

تحریک انصاف کیلئے بڑا سیاسی دھچکا، نوشہرہ سے منتخب ہونے والے رکن اسمبلی کا مستعفی ہونے کا فیصلہ

وزیر دفاع کے بھائی اور رکن اسمبلی لیاقت خٹک کا پارٹی کو خیرباد کہنے کا فیصلہ، کنٹونمنٹ انتخابات میں دھاندلی کا الزام عائد کر دیا

muhammad ali محمد علی بدھ 15 ستمبر 2021 00:17

تحریک انصاف کیلئے بڑا سیاسی دھچکا، نوشہرہ سے منتخب ہونے والے رکن اسمبلی ..
نوشہرہ (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14ستمبر2021ء) تحریک انصاف کیلئے بڑا سیاسی دھچکا، نوشہرہ سے منتخب ہونے والے رکن اسمبلی کا مستعفی ہونے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف کو اپنے سب سے مضبوط گڑھ میں بڑا سیاسی نقصان اٹھانا پڑ گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر دفاع کے بھائی اور رکن اسمبلی لیاقت خٹک نے پارٹی کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کیا ہے۔

لیاقت خٹک کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ کنٹونمنٹ انتخابات میں دھاندلی کی گئی، ریاستی وسائل کا بھرپور استعمال کیا گیا۔ لیاقت خٹک کے مطابق انہوں نے اب مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے، جلد ہی وہ کسی دوسری سیاسی جماعت میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔ جبکہ لیاقت خٹک کے صاحبزادے نے بھی تحریک انصاف کو خیرباد کہہ کر مولانا فضل الرحمان کی جے یو آئی ف میں شمولیت کا فیصلہ کیا، اس حوالے سے حتمی اعلان آئندہ چند روز میں متوقع ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ وزیر دفاع پرویز خٹک کے بھائی لیاقت خٹک اور ان کی جماعت تحریک انصاف کے درمیان اختلافات نئے نہیں ہیں، رواں سال کے آغاز میں نوشہرہ میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں لیاقت خٹک نے اپنی جماعت کی بجائے مسلم لیگ ن کے امیدوار کی حمایت کر کے اسے فتح حاصل کرنے میں مدد دی تھی۔ لیاقت خٹک نے اپنے بیٹے کو ٹکٹ نہ ملنے پر پارٹی کو ضمنی الیکشن میں شکست دلوائی، جس کے بعد ان سے صوبائی وزارت برائے آبپاشی واپس لے لی گئی تھی۔

لیاقت خٹک نے اپوزیشن پارٹی کے امیدوار کی حمایت کرنے کے دعویٰ کو الزام قرار دیا تھا، تاہم اب انہوں نے پارٹی کی جانب سے نظرانداز کیے جانے کے بعد کسی دوسری سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے تحریک انصاف کی جانب سے تاحال کوئی ردعمل نہیں دیا گیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات