جموںوکشمیر میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور ملی یکجہتی کو زک پہنچانے کی کوششوں کی مذمت

بدھ 15 ستمبر 2021 22:45

ْاسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2021ء) غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں میر واعظ عمر فاروق کی سرپرستی میں قائم متحدہ مجلس علما ء جموں وکشمیر نے بعض عناصر کی طرف سے مقبوضہ علاقے میںفرقہ وارانہ ہم آہنگی اور ملی یکجہتی کو زک پہنچانے کی کوششوںپر شدید تشویش ظاہر کی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق متحدہ مجلس علمائ میں شامل سرکردہ اکائیوں اورتنظیموں نے ایک مشترکہ بیان میں کہاہے کہ جموں وکشمیر میں مسلکی منافرت کو ہوا دینے اور صدیوں سے جاری فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور ملی اتحاد کونقصان پہنچانے کی کسی بھی فرد یا جماعت کو ہرگز اجازت نہیں دی جاسکتی اور اس طرح کی سازشوں کی مرتکب قوتیں ہندو سامراج کی آلہ کار ہی ہوسکتی ہیں۔

میر واعظ عمر فاروق جو مسلسل گھر میں نظربند ہیں کی ہدایت پر متحدہ مجلس علماء کا ایک وفدفروعی اور مسلکی اختلافات کو چھیڑ کر ملی وحدت کو زک پہنچا نے کے ذریعے اسلام دشمن قوتوںکے ناپاک عزائم پورے کرنے کی کوششوںسے روکنے کیلئے بعض مبلغین سے ملاقات کرے گا۔

(جاری ہے)

ادھر تحریک حریت جموں وکشمیر کے کنوینرغلام محمد صفی نے اسلام آباد سے جاری ا یک بیان میں کہاہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسیوں کی ہمیشہ سے یہ کوشش رہی ہے کہ مذہبی اور لسانی بنیادوں پر جموں وکشمیر کے لوگوں کو تقسیم کرکے اپنے غیر قانونی تسلط کو دوام بخشا جائے۔

انہوںنے کہاکہ نوے کی دہائی کے آغاز میں ہی بھارتی خفیہ اداروں نے ریاست میں مقیم پنڈتوں کو ایک سازش کے تحت وادی سے نکال کرتحریک آزادی کشمیر کو بدنام کرنے کی کوشش کی۔ الفاران سازش کے ذریعے غیرملکی سیاحوں کا قتل، چھٹی سنگھ پورہ میں سکھوں کے قتل عام جیسے واقعات اس امر کا بین ثبوت ہیں کہ ہر محاذ پر شکست فاش کھانے والا بھارت اب تحریک آزادی کو کمزور کرنے کی ہرگھٹیا سازش کا سہارا لے رہا ہے۔