وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی آئر لینڈ کے وزیر خارجہ کی ملاقات ،دو طرفہ تعاون کے فروغ اور افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ

وزیر خارجہ کی پاکستان میں وبائی اور سیکورٹی صورتحال میں بہتری کو پیش نظر رکھتے ہوئے، ٹریول ایڈوایزری پر نظرثانی کے اقدام کی تعریف

بدھ 22 ستمبر 2021 22:28

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی آئر لینڈ کے وزیر خارجہ کی ملاقات ،دو ..
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2021ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے نیویارک میں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے چھہترویں اجلاس کے موقع پر آئرلیند کے وزیر خارجہ و دفاع سائمن کوونے کے ساتھ ملاقات کی جس میں دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دو طرفہ تعلقات، مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ اور افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے افغانستان کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے، افغانوں کو ممکنہ انسانی بحران کے خطرے سے بچانے کیلئے، عالمی برادری کی جانب سے انسانی معاونت کی فراہمی کو یقینی بنانے پر زور دیا ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ آئرلینڈ، یورپی یونین کا اہم ملک ہے، پاکستان، آئرلیند کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ آئرلینڈ میں کثیر تعداد میں مقیم پاکستانی کمیونٹی، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے استحکام میں ایک پٴْل کا کام کرتی ہے۔وزیر خارجہ نے موثر انداز میں کرونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے میں کامیابی پر آئرلیند حکومت کی حکمت عملی اور کاوشوں کو سراہا۔دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور آئرلیند کے درمیان دو طرفہ سیاسی مشاورتی میکنزم کو فعال بنانے اور اعلیٰ سطحی روابط کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، ماحولیات، صحت، قابلِ تجدید توانائی ،زراعت، سیاحت اور ٹیکنالوجی کے شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں، وزیر خارجہ نے جی ایس پی پلس اسٹیٹس کے حوالے سے پاکستان کی حمایت پر آئرلیند کی قیادت کا شکریہ ادا کیا ۔وزیر خارجہ نے پاکستان میں وبائی اور سیکورٹی صورتحال میں بہتری کو پیش نظر رکھتے ہوئے، ٹریول ایڈوایزری پر نظرثانی کے اقدام کی تعریف کی۔