آزاد کشمیرمیں ٹیکنالوجی پارکس کا قیام اورنوجوانوں کو ہائی ٹیک تربیت فراہم کریں گے،امین الحق

پہلی مرتبہ ہونیوالی سپیکٹرم نیلامی کے بعد گلگت بلتستان ،آزاد کشمیر میں رابطوں کے مسائل حل ہونگے،وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کی آزاد کشمیر کے مشیر آئی ٹی چوہدری محمد اقبال سے ملاقات میں گفتگو

جمعرات 23 ستمبر 2021 22:22

آزاد کشمیرمیں ٹیکنالوجی پارکس کا قیام اورنوجوانوں کو ہائی ٹیک تربیت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2021ء) وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کیلئے اضافی اسپیکٹرم کی نیلامی کے بعد امید ہے کہ وہاں موبائل رابطوں اور انٹرنیٹ اسپیڈ میں نمایاں بہتری آئے گی جس سے کاروباری ،تعلیمی اور آن لائن سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا ہماری کوشش ہے کہ خواتین بھی ڈیجیٹل دنیا سے متعارف ہوکر اپنی تعلیم اور قابلیت کے ذریعے باعزت روزگار کماسکیں ۔

وفاقی وزیر نے یہ بات جمعرات کو آزاد کشمیر کے مشیر آئی ٹی چوہدری محمد اقبال سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں آزاد کشمیر میں آئی ٹی سیکٹر کے انفراسٹرکچر سمیت اہم دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سید امین الحق نے کہا کہ پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی کے تحت آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کیلئے اضافی اسپیکٹرم نیلامی کا ابتدائی مرحلہ طے ہوچکا ہے جس میں چاروں موبائل کمپنیوں نے بولیاں جمع کرائی ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ عام تاثر یہ تھا کہ آزاد کشمیر و گلگت بلتستان میں کسی اور کمپنی کو کام کرنے کی اجازت نہیں دی جاتی جبکہ ہم نے ہمیشہ واضح کیا کہ جہاں عوام اور صارفین کو سہولیات کی فراہمی کا معاملہ ہو وہان کسی کیلئے کوئی پابندی نہیں اب اسپیکٹرم نیلامی کے بعد ان کمپنیوں کے پاس بہترین موقع ہے کہ وہ صارفین کو تیز ترین اور بلاتعطل براڈ بینڈ و موبائل کنکٹیویٹی فراہم کرسکیں۔

انھوں نے واضح کیا کہ صارفین کے ٹیکنالوجی و کمیونیکیشن سے متعلق مسائل کے حل اور ان کو ڈیجیٹل دنیا سے منسلک کرنے کیلئے تمام اقدامات کیئے جارہے ہیں۔وفاقی وزیر نے ملاقات میں آزاد کشمیر کے مشیر آئی ٹی چوہدری محمد اقبال کو بتایا کہ آزاد کشمیر میں سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک کا جلد قیام کیا جائے گا جبکہ نوجوانوں کو ہائی ٹیک تربیت کے مواقع فراہم کیئے جائیں گے تاکہ وہ دنیا بھر کی کمپنیوں کو آن لائن اپنی آئی ٹی خدمات فراہم کرکے باعزت طریقے سے لاکھوں روپے کما سکیں۔

سید امین الحق نے کہا کہ آئی ٹی وہ واحد شعبہ ہے جس سے حال اور مستقبل کی ترقی اور اور اقتصادی صورتحال کا استحکام وابستہ ہے۔ اس موقع پر چوہدری محمد اقبال نے وفاقی وزیر آئی ٹی کا آزاد کشمیر کے لیئے مختلف منصوبوں کے اجرا پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وزارت آئی ٹی کی کارکردگی اور آئی سی ٹی سیکٹر میں اصلاحات کی دنیا معترف ہورہی ہے اور عالمی انڈیکس میں پاکستان کے شعبہ آئی سی ٹی کی نمایاں کارکردگی کا اعتراف اس بات کا ثبوت ہے کہ وفاقی وزیر کی قیادت میں یہ وزارت اڈیجیٹل پاکستان ویژن کی تکمیل کیلئے درست سمت پر ہے۔