شناختی کارڈ پر موجود رہائشی پتہ سمیت اہم معلومات کو ختم کرنے کا مطالبہ کر دیا گیا

پاکستان مسلم لیگ ن کے اقلیتی رکن قومی اسمبلی کھیل داس کوہستانی نے قومی شناختی کارڈ میں تبدیلیوں کی تجاویز سے متعلق قرارداد قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروا دی

muhammad ali محمد علی جمعہ 24 ستمبر 2021 00:36

شناختی کارڈ پر موجود رہائشی پتہ سمیت اہم معلومات کو ختم کرنے کا مطالبہ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 ستمبر2021ء) شناختی کارڈ پر موجود رہائشی پتہ سمیت اہم معلومات کو ختم کرنے کا مطالبہ کر دیا گیا، قومی شناختی کارڈ میں تبدیلیوں کی تجاویز سے متعلق قرارداد قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروا دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے اقلیتی رکن قومی اسمبلی کھیل داس کوہستانی کی جانب سے قومی شناختی کارڈ میں اہم تبدیلیاں کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

رکن قومی اسمبلی نے خاص کر شناختی کارڈ پر درج رہائشی پتہ کو مخفی کرنے پر زیادہ زور دیا ہے۔ اس حوالے سے جمعرات کے روز ایم این اے کھیل داس کوہستانی نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں باقاعدہ قرارداد جمع کروا دی۔ قرار داد میں لیگی رکن قومی اسمبلی نے موقف اختیار کیا ہے کہ قومی شناختی کارڈ کا نظام ریاستی خدمات کی ادائیگی میں اہمیت کا حامل ہے، شناختی کارڈ پر موجود رہائشی پتہ سمیت اہم معلومات کو ختم کی جائیں، اس حوالے سے نادرا کو ہدایت کی جائے کہ شناختی کارڈ کا نمونہ تبدیلی کیا جائے۔

(جاری ہے)

کھیل داس کوہستانی نے شناختی کارڈ میں تبدیلیوں کے حوالے سے اپنے مطالبات سے متعلق وضاحت کی ہے کہ متعلقہ معلومات صرف نادرا کے ریکارڈ میں ہونی چاہیں، یہ معلومات شناختی کارڈ پر آویزاں نہ کی جائیں، کیوںکہ بدقسمتی سے شرپسند عناصر، تخریبی گروہ ایسی معلومات کا غلط استعمال کرتے ہیں۔ رکن اسمبلی کا دعویٰ ہے کہ شناختی کارڈز پر موجود پتہ کئی جان لیوا حادثات کا باعث بنتا ہے، دور دراز علاقوں میں کئی شہریوں کو صرف اس وجہ جان گنگوانا پڑی کیونکہ ان کے شناختی کارڈ پر رہائشی پتہ اور دیگر معلومات درج تھیں۔

کھیل داس کوہستانی کا مزید کہنا ہے کہ آئین کا آرٹیکل 15 ملک کے ہر شہری کو کسی بھی علاقے میں رہائش اختیار کرنے کا حق دیتا ہے، اس حوالے سے تفصیلات شناختی کارڈ پر آویزاں نہ کی جائیں۔ یہاں واضح رہے کہ پاکستان میں ہر شہری کو جاری کیے جانے والے شناختی کارڈ پر مستقل اور موجودہ رہائش سے متعلق معلومات آویزاں کی جاتی ہیں۔