عالمی ادارہ صحت کی کورونا سے نمٹنے کیلئے پاکستان کے اقدامات کی تعریف

پاکستان میں مکمل ویکسی نیٹڈ افراد کی تعداد 20فیصد سے زائد ہوچکی، بعض ممالک میں 2 فیصد آبادی کو بھی ویکسین نہیں لگائی گئی،اسمارٹ لاک ڈاؤن اور احتیاطی تدابیر سے ڈیلٹا کیسز وشرح اموات میں کمی رہی۔پاکستان میں کنٹری سربراہ کی میڈیا بریفنگ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 25 ستمبر 2021 17:35

عالمی ادارہ صحت کی کورونا سے نمٹنے کیلئے پاکستان کے اقدامات کی تعریف
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 ستمبر2021ء) عالمی ادارہ صحت کی کورونا سے نمٹنے کیلئے پاکستان کے اقدامات کی تعریف کی ہے،پاکستان میں کنٹری سربراہ پلیتھا ماہی پالا نے کہا کہ پاکستان میں مکمل ویکسین یافتہ افراد کی تعداد 20 فیصد سے زائد ہوچکی ، دنیا میں بعض ممالک میں 2 فیصد آبادی کو بھی ویکسین نہیں لگائی گئی، پاکستان میں احتیاطی تدابیر کے باعث ڈیلٹا کیسز اور شرح اموات میں کمی رہی، اسمارٹ لاک ڈاؤ ن کی حکمت عملی کامیاب رہی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں عالمی ادارہ صحت کے سربراہ پلیتھاماہی پالانے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ دنیا میں ایسے ممالک بھی ہیں جہاں 2 فیصد آبادی کو بھی ویکسین نہیں لگائی گئی، پاکستان ویکسین لگانے میں بہتر کارکردگی دکھا رہا ہے، پاکستان ایک روز میں 10 لاکھ ویکسین خوراکیں لگا رہا ہے، پاکستان کی ویکسین لگانے کی مہم انتہائی تیز اور مئوثر ہے، پاکستان میں مکمل ویکسی نیشن یافتہ افراد کی تعداد 20 فیصد سے زائد ہوچکی ہے، اسی طرح پاکستان میں جزوی ویکسی نیشن والوں کی تعداد 40 فیصد سے زائد ہوچکی ہے۔

(جاری ہے)

اس کے برعکس دنیا میں ایسے ممالک بھی ہیں جہاں ویکسین وافراور ویکسی نیشن زیادہ ہونے کے باوجود کورونا کیسز کی تعداد زیاد ہ ہے۔پاکستان میں احتیاطی تدابیر کے باعث ویکسین کم ہونے کے باوجود کیسز کم رہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں این سی اوسی نے بہترین کام کیا، پاکستان میں کورونا رسپانس میں بہترین کوآرڈی نیشن رہی، پاکستان میں کورونا سے اموات کی شرح بھی کم رہی ۔ انہوں نے کہا کہ چوتھی لہر میں ویکسین کے باعث شرح اموات کم ہوئی، گزشتہ کئی روز سے ویکسی نیشن کے باعث کسی ہیلتھ ورکر کی موت نہیں ہوئی، پاکستان میں اسمارٹ لاک ڈاؤ ن کی حکمت عملی کے باعث ڈیلٹا کیسز میں کمی آئی ۔پاکستان جینومک سیکونسنگ کررہا ہے۔