یو اے ای میں انسانوں کے بغیر کام کرنے والے سمارٹ پولیس اسٹیشن قائم

سمارٹ پولیس اسٹیشنز کی مدد سے عوام آسانی سے مختلف نوعیت کے پرمٹس اور سرٹیفیکٹس حاصل کرسکیں گے اس کے لئے انہیں روایتی پولیس اسٹیشن جانے کی ضرورت نہیں ہوگی

Sajid Ali ساجد علی منگل 28 ستمبر 2021 10:38

یو اے ای میں انسانوں کے بغیر کام کرنے والے سمارٹ پولیس اسٹیشن قائم
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 28 ستمبر 2021ء ) متحدہ عرب امارات میں انسانوں کے بغیر کام کرنے والے سمارٹ پولیس اسٹیشن قائم کردیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق دبئی ایکسپو 2020ء کے سلسلے میں متحدہ عرب امارات حکومت کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کے تحت امن عامہ کو برقرار رکھنے کیلئے 4 سمارٹ پولیس اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں ، یہ اسمارٹ پولیس اسٹیشن جنہیں شارٹ فارم میں ’ایس پی ایس‘ کا نام دیا گیا ہے بغیر انسانوں کے خود کار طریقے سے 24 گھنٹے کام کریں گے۔

میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سمارٹ پولیس اسٹیشنز کے لئے انٹریکٹو ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے جہاں دبئی ایکسپو 2020ء کے دوران 45 سے زائد خدمات فراہم کی جائیں گی ، یہ خدمات 7 زبانوں میں ہوں گی ، جن میں عربی ، انگریزی ، ہسپانوی ، فرانسیسی ، جرمن اور چینی زبان شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے المراقابت پولیس اسٹیشن کے ڈائریکٹر میجر جنرل علی احمد عبداللہ غنیم نے بتایا ہے کہ سمارٹ پولیس اسٹیشنز کی مدد سے عوام آسانی سے پرمٹس اور سرٹیفیکٹس حاصل کرسکیں گے اس کے لئے انہیں پولیس اسٹیشن جانے کی ضرورت نہیں ہوگی کیوں کہ یہ سمارٹ پولیس اسٹیشن بغیر انسانوں کے اہم سروسز فراہم کریں گے جن میں جرائم اور ٹریفک حادثات کی اطلاع دینے اور کمیونٹی بیسڈ سروس شامل ہیں۔

خیال رہے کہ دبئی ایکسپو 2020 یکم اکتوبر سے شروع ہو گا ، عالمی نمائش آئندہ برس مارچ تک جاری رہے گی ، دبئی ایکسپو کے لیے کنیکٹنگ مائنڈز میکنگ دی فیوچر کا عنوان مختص کیا گیا ہے ، عالمی نمائش میں 190 سے زائد ممالک کی شرکت کریں گے ، 6 مہینے تک جاری رہنے والی عالمی نمائش میں موسمیاتی تبدیلی، انسانی رہائش گاہوں کو زیادہ پائیدار بنانے، ڈیجیٹل تقسیم ختم کرنے، تعلیم کا مساوی حق اور صحت جیسے اہم عالمی مسائل پر بات چیت ہو گی۔