شہری ڈینگی مچھر کی افزائش کی روک تھام کے لیے غیر ضروری پانی کھڑا نہ ہونے دیں ، اسسٹنٹ انٹومالوجسٹ وماہر ڈینگی مچھر

منگل 28 ستمبر 2021 14:19

شہری  ڈینگی مچھر کی افزائش کی روک تھام کے لیے  غیر ضروری پانی   کھڑا نہ ..
فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2021ء) اسسٹنٹ انٹومالوجسٹ وماہر ڈینگی مچھرطارق محمودنے  کہا ہے کہ شہری  ڈینگی مچھروں کی افزائش کی روک تھام کے لیے   گھروں،محلوں اورگلیوں میں  غیر ضروری پانی کھڑا نہ ہونے دیں  ۔انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ حکومت پنجاب کی ڈینگی مچھر مکاؤ مہم کو کامیاب بنانے کے لیے  اپنے گھروں کی چھتوں پرموجودناقص اور غیر ضروری سامان میں بارشوں کا پانی کھڑا نہ ہونے دیں،دروازوں،کھڑکیوں ا ور  روشن دانوں میں جالیاں لگائیں ۔

انہوں نے  عوام سے استدعا کی کہ وہ ڈینگی مکاؤ مہم میں شامل ہو کر قومی فریضہ ادا کریں کیونکہ ڈینگی سے ڈرنا نہیں بلکہ اس سے لڑنا،بچنا اور اس کو اجتماعی کاوشوں سے شکست دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی مچھرکے خاتمہ کے لیے  بحیثیت قوم صفائی کی عادت اپنانا ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ زرعی سائنسدانوں نے ڈینگی کے خاتمہ کیلئے غیر کیمیائی طریقے وضع کرنے کے ساتھ ساتھ ایسی زہروں کی نشاندہی بھی  کی ہے جن کے استعمال سے ڈینگی مچھروں کا تدارک آسان ہوگیا ہے اور یہ زہریں انسانوں کے لیے  ضرررساں بھی نہیں ہیں۔

انہوں نے کہاکہ شہری گھروں کی چھتوں، صحنوں اورگلی محلوں میں ڈینگی مچھر کی تلفی کیلئے ڈیلٹا میتھرین اور لیمڈا سائی ہیلوتھرین زہروں کا سپرے کریں نیزجوہڑوں وغیرہ میں کھڑے پانی میں لاروؤں کی تلفی کیلئے ٹیمی فاس اور فین تھیان زہروں کا استعمال بھی کیاجاسکتاہے۔