سید مصطفی کمال کا بلوچستان کے مختلف اضلاع میں زلزلے میں قیمتی جانی و مالی کے نقصانات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

جمعرات 7 اکتوبر 2021 17:00

سید مصطفی کمال کا بلوچستان کے مختلف اضلاع میں زلزلے میں قیمتی جانی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اکتوبر2021ء) چیئرمین پاک سر زمین پارٹی سید مصطفی کمال اور وائس چیئرمین عطا اللہ کرد نے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں زلزلے میں قیمتی جانی و مالی کے نقصانات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ زلزلہ متاثرین اور خصوصا کوئلے کی کان میں پھنسے کان کنوں کو فوری ریسکیو اور ریلیف پہنچانے کے لئے بھرپور اقدامات کریں۔

پاک سر زمین پارٹی اس مشکل کی گھڑی میں بلوچستان کے عوام کیساتھ کھڑی ہے، ہم غم زدہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ ان خیالات کا اظہار چئیر مین پاک سر زمین پارٹی سید مصطفی کمال نے پاکستان ہاس سے جاری ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان زلزلے کی تباہ کاریوں پر پوری قوم افسردہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ ناصرف زخمیوں کے لیے بہترین علاج معالجے کی سہولیات کو یقینی بنایا جائے اور بے گھر خاندانوں کی بھرپور مالی معاونت کی جائے۔

چئیر مین پاک سر زمین پارٹی سید مصطفی کمال اور وائس چیئرمین عطا اللہ کرد نے زلزلے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی مغفرت و درجات کی بلندی سمیت زخمی ہونے والے سینکڑوں افراد کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی۔