گنگارام ہسپتال میڈیکل یونٹ ون کے زیر اہتمام ذیابیطس نرسز ایجوکیشن ورکشاپ

بدھ 13 اکتوبر 2021 16:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2021ء) گنگارام ہسپتال میڈیکل یونٹ ون کے زیر اہتمام ذیابیطس نرسز ایجوکیشن ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر عامر زمان خان نے گنگا رام ہسپتال میں میڈیکل یونٹ ون کے پروفیسر ڈاکٹر عمران حسن خان کی زیر نگرانی ذیابیطس نرسز ایجوکیشن ورکشاپ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ذیابیطس کے مریضوں کو صحت مند زندگی گزارنے کیلئے محض معا  لجین پر انحصار کرنے کی بجائے اپنی معمول کی زندگی اور کھانے پینے کی عادات کو تبدیل کرنا ہوگا تاکہ ڈاکٹرز کی جانب سے مہیا کردہ طبی رہنما ئی اور علاج معالجہ عملی طور پر موثر ثابت ہو سکے اور مریض کو کم سے کم دوائی کے استعمال سے شوگر جیسی پریشان کن بیماری سے نجات مل سکے۔

(جاری ہے)

ورکشاپ میں شوگر سپیشلسٹ پروفیسر ڈاکٹر عمران حسن خان،ڈاکٹر قمر سجاد، ڈاکٹر نوشین، ڈاکٹر سائرہ اور ڈاکٹر ضیاالحق نے شوگر کے مرض کی علامات، پیچیدگیوں،انسولین لگانے کے طریقہ کار،مریضوں کی دیکھ بھال اور غذا کے بارے میں تفصیلی لیکچرز دیئے۔مقررین نے کہا کہ فاسٹ فوڈ اور مشروبات سے اجتناب اور سیر کو معمول بناکر شوگر جیسے موذی مرض پر قابو پایا جا سکتا ہے تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ شہریوں میں اس حوالے سے زیادہ سے زیادہ شعور اجاگر کیا جائے۔

پروفیسر عمران حسن خان اور ڈاکٹر قمر سجاد کا کہنا تھا کہ جدید میڈیکل سائنس کی ترقی کے بعد یہ بات مکمل طور پر عیاں ہو چکی ہے کہ نہ صرف مریضوں کے علاج معالجے بلکہ ان کی شفایابی میں بھی نرسز بنیادی کردار ادا کرتی ہیں ، وارڈز کے معمولات کو احسن طریقے سے چلانے کیلئے نرسز کی اہمیت قابل ستائش اور گراں قدر ہے ،جسے فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ مریضوں کے علاج معالجے اور ہسپتال کے انتظامات کو چلانے کیلئے ڈاکٹرز کی اہمیت کا انکار نہیں کیا جا سکتا ،بلکل اسی طرح نرسز کمیونٹی بھی گاڑی کے دوسرے پہیہ کی طرح برابر کی اہمیت کی حامل ہیں جو ڈاکٹرز کے شانہ بشانہ بلکہ ان سے دو قدم آگے بڑھ کر دن اور رات کی پرواہ کیے بغیر دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے میدان عمل میں موجود ہوتی ہیں اور موسم یا کسی بھی رکاوٹ کو خاطر میں لائے بغیر اپنے فرائض سر انجام دیتی ہیں۔

طبی ماہرین نے کہا کہ ڈاکٹرز کی جانب سے مریضوں کو تجویز کردہ ادویات پر عملدرآمد اور ان کی کونسلنگ نرسز کی بنیادی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذیابیطس کے مریضوں کی درست تشخیص اور بر وقت علاج معالجے کیلئے نرسز کو بھی اپنا میڈیکل نالج اپ ڈیٹ رکھنا ہوگا۔وی سی فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر عامر زمان خان نے شرکا میں سرٹیفکیٹس تقسیم کرتے ہوئے کہا کہ گنگا رام ہسپتال میں شوگر سپیشلسٹ پروفیسر ڈاکٹر عمران حسن خان کی تعیناتی انتہائی خوش آئند اقدام ہے جبکہ ہسپتال میں شوگر کے مریضوں کو طبی و تشخیصی سہولیات مفت فراہم کی جا رہی ہیں اور تمام مریضوں کا ریکارڈ بھی کمپیوٹرائزڈ کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے ورکشاپ میں شامل نرسز پر زور دیا کہ وہ مریضوں کی دیکھ بھال کے علاوہ بیماریوں کی روک تھام میں بھی اپنا بھرپور کردار ادا کریں جس کے لئے انہیں مریضوں کی ادویات کے علاوہ دیگر امور کو بھی زیر غور رکھنا چاہیے تاکہ وہ مریض کو درست ٹریک پر رکھ سکیں۔ ورکشاپ میں گنگارام، جنرل، میو اور سروسز ہسپتال کی نرسز بڑی تعداد میں شریک ہوئیں۔