آمدن سے زائد اثاثے، اختیارات کے ناجائز استعمال سے متعلق آغا سراج درانی و دیگر 18ملزمان کی ضمانتوں کا تفصیلی فیصلہ جاری

بدھ 13 اکتوبر 2021 22:31

آمدن سے زائد اثاثے، اختیارات کے ناجائز استعمال سے متعلق آغا سراج درانی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2021ء) سندھ ہائیکورٹ نے آمدن سے زائد اثاثے، اختیارات کے ناجائز استعمال سے متعلق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی و دیگر کیخلاف ریفرنس میں 18 ملزمان کی ضمانتوں کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔ 16 صفحات پر مشتمل فیصلہ جسٹس اقبال محمد کلہوڑو نے تحریر کیا۔ تحریری فیصلے کے مطابق آغا سراج درانی سمیت 12 ملزمان کی ضمانتیں مسترد ہوئیں۔

ملزمان میں اغا سراج درانی، ذوالفقار علی ڈہر، شمشاد خاتون، منور علی، غلام مرتضی، محمد عرفان، شکیل احمد سومرو، گل بہار لوہار بلوچ، طفیل احمد شاہ، میٹھا خان اور سید محمد شاہ کی ضمانتیں مسترد کی گئیں ہیں۔ تحریری فیصلے کے مطابق عدالت نے 6 ملزمان کی ضمانتیں میں توثیق کی۔ ناہید درانی، شاہانہ درانی، سارا درانی، شریک ملزم اسلم پرویز لانگا آغا شہباز خان درانی کی ضمانتوں میں توثیق کی گئی۔

(جاری ہے)

تحریری فیصلے میں عدالت نے کہا ہے کہ نیب نے آغا سراج درانی کی آمدن اور اثاثوں میں ایک ارب 60 کروڑ سے زائد کا فرق بتایا۔ آغا سراج درانی سے متعلق کئی بے نامی جائیدادوں کی تفصیلات پیش کی گئیں۔ بینک لاکرز سے غیر ملکی کرنسی، قیمتی گھڑیاں، قیمتی اشیا ملیں۔ نیب نے آغا سراج کی 1985 سے 2018 تک کے اثاثوں کی تحقیقات کیں۔ بے نامی جائیدادوں کا تعلق آغا سراج درانی کے ڈرائیورز، نوکروں سے بتایا گیا۔ جن جائیدادوں کی تفصیلات پیش کی گئیں سب آغا سراج درانی سے تعلق رکھتے ہیں۔ کیس کا حتمی فیصلہ ٹرائل کورٹ ہی کرے گی۔