ن لیگ 16 اکتوبر کو فیصل آباد کا جلسہ کامیاب بنانے کے لیے متحرک

چنیوٹ جھنگ ٹوبہ اور سرگودھا سمیت دیگر قریبی شہروں کے ارکان اسمبلی کو زیادہ سے زیادہ کارکن لانے کی ہدایت

جمعرات 14 اکتوبر 2021 11:55

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2021ء) مسلم لیگ (ن) 16 اکتوبر کو فیصل آباد کا جلسہ کامیاب بنانے کے لیے متحرک ہوگئی، پارٹی قائد نے پی ڈی ایم کے جلسہ کو کامیاب بنانے کی ہدایت کر دی۔16اکتوبر کو فیصل آباد کے جلسے میں پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے تمام ارکان اسمبلی کو خصوصی ٹاسک دے دیا ہے۔قیادت نے ہدایت دی ہے کہ تمام ارکان اسمبلی اور عہدیدار زیادہ سے زیادہ کارکن لے کر پہنچیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ سمیت دیگر قریبی شہروں کے ارکان اسمبلی کو زیادہ سے زیادہ کارکن لانے کی ہدایت کر دی گئی۔ تمام ارکان اسمبلی کی حاضری چیک کی جائے گی، یونین کونسلز کے عہدیداروں کو بھی ہر صورت جلسہ میں شرکت کی ہدایت دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق رانا ثنااللہ فیصل آباد کے کارکنوں اور عہدیداروں کو متحرک کریں گے، جلسے سے مولانا فضل الرحمان، علامہ ساجد میر، محمود خان اچکزئی سمیت دیگر پی ڈی ایم قائدین خطاب کریں گے، مسلم لیگ (ن) کے قائد ویڈیو لنک کے ذریعے لندن سے خطاب کریں گے جبکہ جلسے میں حکومت کے خلاف فیصلہ کن معرکے کے لیے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔