سندھ ،درجہ حرارت بڑھنے سے پیاز ، ٹماٹر کی فصل متاثر

بھاری مالی نقصان کا سامنا، محکمہ زراعت اقدامات نہیں کررہا ،آبادگار

جمعہ 15 اکتوبر 2021 14:45

جھڈو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2021ء) زیریں سندھ کے علاقے میرپورخاص،عمرکوٹ،بدین اور تھرپارکر اضلاع میں درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ اور وائرس سے پیاز اور ٹماٹر کی ہزاروں ایکڑ فصل تباہ ہو گئی،پیاز اور ٹماٹر کی فی ایکڑ کاشت پر 60 ہزار روپے کے اخراجات ہوتے ہیں اور سیزن کی یہ دنوں اہم ترین فصلوں کی تباہی سے آبادگاروں کو بڑے بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ،آباد گاروں کی جانب سے مختلف کیمیائی کھادیں اور زرعی دوائیں بھی فصل کو بچانے میں ناکام رہیں ۔

(جاری ہے)

محکمہ زراعت ضلع میرپور خاص کے ڈپٹی ڈائریکٹر ست رام نے میڈیا کو بتایا کہ سخت گرمی اور وائرس سے ٹماٹر کی 50 فیصد تک فصل متاثر ہوئی ہے اور مناسب دیکھ بھال نہ ہونے سے فصل پر مختلف زرعی امراض بھی حملہ آور ہوئے ہیں ۔ آبادگاروں کے مطابق نقصان محکمہ زراعت کے اندازے سے کہیں زیادہ ہیں لیکن اس کے باوجود محکمہ زراعت کی جانب سے کوئی عملی اقدامات نہیں کیے جا رہے ہیں۔