Live Updates

میرپورخاص میں ڈاکو راج قائم ،شہر میں خوف و ہراس کی فضاء

عوام کو جرائم پیشہ عناصر کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا، مقامی پولیس انتظامیہ جرائم کی وارداتوں پر قابو پانے میں ناکام ہوچکی ہے،ایم کیو ایم پاکستان میرپورخاص

جمعہ 15 اکتوبر 2021 16:57

میرپورخاص(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2021ء) ایم کیو ایم پاکستان میرپورخاص ڈسٹرکٹ کے انچارج خالد تبسم، جوائنٹ ڈسٹرکٹ انچارجز آفاق احمد خان، سلیم میمن اور اراکین ڈسٹرکٹ کمیٹی نے میرپورخاص میں چوری ڈکیتی،راہزنی سمیت دیگر جرائم کی وارداتوں میں اچانک اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرپورخاص میں ڈاکو راج قائم ہوچکا ہے اور عوام کو جرائم پیشہ عناصر کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔

مقامی پولیس انتظامیہ جرائم کی وارداتوں پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔دن دیہاڑے چوری، ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں سے عوام عدم تحفظ کا شکار ہیں۔مقامی پولیس انتظامیہ کی نااہلی اور ناقص منصوبہ بندی اور لاپرواہی کی وجہ سے جرائم کی وارداتیں روز کا معمول بن چکی ہیںجبکہ مشکوک غیر مقامی افراد کی مبینہ پراسرار نقل و حرکت سے شہریوں میں شدید بے چینی پھیل رہی ہے۔

(جاری ہے)

جرائم پیشہ افراد کھلے عام لوٹ مار کی وارداتیں کرکے اسلحہ لہراتے باآسانی فرار ہوجاتے ہیں۔گذشتہ دنوںیو ایل ایف کے مرکزی رکن صادق منصوری کی موٹر سائیکل سول اسپتال میرپورخاص سے چوری ہوئی اورحاجی چراغ ملک کی آٹا چکی سے ندیم احمد کی موٹر سائیکل چوری کرلی گئی۔ٹائون تھانہ کی حد میں دن دیہاڑے باپ بیٹے کو لوٹ لیا گیا۔انہوں نے وزیر اعظم عمران خان،چیف جسٹس سپریم کورٹ،چیف آف آرمی اسٹاف، کورکمانڈر سندھ،گورنر سندھ اور آئی جی سندھ پولیس سے مطالبہ کیا کہ سول اسپتال میرپورخاص کے کوارٹرزمیں غیر متعلقہ افراد کی رہائش فی الفورختم کی جائے ، اسنیپ چیکنگ کا مربوط نظام قائم کیا جائے اورجرائم کی وارداتوں میں ملوث عناصر اور ان کے سرپرستوں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات