زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں فیکلٹی آف فوڈ نیوٹریشن اینڈ ہوم سائنسز کے زیراہتمام بین الاقوامی یوم خوراک منانے کے لئے ریلی کا انعقاد کیا گیا

جمعہ 15 اکتوبر 2021 17:27

زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں فیکلٹی آف فوڈ نیوٹریشن اینڈ ہوم سائنسز ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 اکتوبر2021ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں فیکلٹی آف فوڈ نیوٹریشن اینڈ ہوم سائنسز کے زیراہتمام بین الاقوامی یوم خوراک منانے کے لئے ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین(ریٹائرڈ) نے کی جبکہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں، ڈین کلیہ فوڈ نیوٹریشن اینڈ ہوم سائنسز ڈاکٹر مسعود صادق بٹ، ڈاکٹر عائشہ ریاض سمیت درجنوں فیکلٹی اور طلباء نے شرکت کی۔

ریلی ایڈمن بلاک سے شروع ہو کر ایکسپو سنٹر پر اختتام پذیر ہوئی۔ ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں اربوں افراد بھوک و غربت کی وجہ سے اذیت کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں جن کے لئے عالمی سطح پر مشترکہ کاوشیں اور انسانیت کے جذبے کے تحت اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دنیا کی آبادی میں روزبروز بڑھ رہی ہے جن کو خوراک کی بلاتعطل فراہمی کے لئے فی کس پیداواریت میں اضافہ ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایف اے او کے یوم تاسیس پر ورلڈ فوڈ ڈے منایا جاتا ہے تاکہ بین الاقوامی سطح پر تخفیف غربت و بھوک کے لئے عزم کرتے ہوئے مشترکہ کوششیں کی جا سکیں۔ ڈاکٹر مسعود صادق بٹ نے کہا کہ دیہی ترقی اور زراعت کو نئی جدتوں سے ہم آہنگ کر کے زراعت کو منافع بخش کاروبار بنایا جائے تو فوڈ سکیورٹی اور غربت میں خاتمے کے اہداف حاصل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پچاس فیصد سے زیادہ افراد غذائیت کی کمی کا شکار ہیں تاہم بہتر طرززندگی اور متوازن خوراک کے متعلق آگاہی سے اس مسئلے پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔