عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت کئی برس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

طلب میں اضافے اور پیدوار میں کمی کے باعث برینٹ کروڈ آئل کی فی بیرل قیمت 3 سال کی بلند ترین سطح پر آ گئی

muhammad ali محمد علی ہفتہ 16 اکتوبر 2021 00:46

عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت کئی برس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 اکتوبر2021ء) عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت کئی برس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، طلب میں اضافے اور پیدوار میں کمی کے باعث برینٹ کروڈ آئل کی فی بیرل قیمت 3 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ تفصیلات کے مطابق خام تیل کی عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے عالمی معیشت کیلئے ہلچل مچا دی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق عالمی مارکیٹ میں تیل کی طلب میں اضافے اور پیدوار میں کمی کے باعث برینٹ کروڈ آئل کی فی بیرل قیمت 3 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

3 سالوں کے دوران پہلی مرتبہ برینٹ کروڈ آئل کی فی بیرل قیمت 85 ڈالر کی سطح کو چھو گئی۔ اس وقت برینٹ کروڈ آئل 85 ڈالر فی بیرل کی قیمت پر ٹریڈ کر رہا۔ ماہرین کے مطابق کرونا وائرس کے باعث تباہی کا شکار ہونے والی عالمی معیشت اب دوبارہ سے تیزی پکڑ رہی ہے، دنیا بھر میں انتہائی تیز رفتاری سے کرونا ویکسی نیشن کیے جانے کے بعد بیشتر ممالک میں معاشی سرگرمیاں بھی تیزی سے عروج پکڑ رہی ہیں، اسی باعث دنیا بھر میں خام تیل کی طلب میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

تاہم تیل کی پیدوار والے ممالک کی جانب سے پیدوار میں اضافے سے گریز کیا جا رہا ہے اور اسی باعث قیمتیں بے قابو ہو رہی ہیں۔ ماہرین نے خدشے کا اظہار کیا ہے کہ خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کی موجودہ صورتحال برقرار رہی تو رواں سال کے آخر تک خام تیل کی فی بیرل قیمت 90 ڈالرز کی سطح کو چھو جانے کا خدشہ ہے، جو کہ دنیا کے کسی بھی ملک کی معیشت کیلئے انتہائی منفی صورتحال ہو گی۔

خام تیل کی عالمی مارکیٹ کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے پاکستانی معاشی ماہرین نے بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کی معیشت کیلئے انتہائی تباہ کن صورتحال ہے۔ پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں پہلے ہی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکیں، جبکہ پٹرولیم مصنوعات کی امپورٹ کا بل بھی اربوں ڈالرز ہو چکا۔