پارلیمنٹ ہائوس میں جب افغان صورتحال بات نہیں ہوگی تو مہنگائی،قیمتوں میں اضافے پر کیا ہو گی،یوسف رضا گیلانی

اپوزیشن بار بار ایوانوں میں عوام کی چیخ و پکارکی آواز بلند کر رہی ہے لیکن ریاست مدینہ کی دعویدار حکومت نہ جانے کیوں اتنے اہم مسئلے پر خاموش ہیں،سابق وزیر اعظم

بدھ 20 اکتوبر 2021 22:40

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2021ء) سابق وزیراعظم و قائد حزب اختلاف سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ ہائوس میں جب افغانستان جیسی صورتحال پربھی بات نہیں ہوگی تو مہنگائی،پٹرولیم مصنوعات اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے پر کیا ہو گی،جب ہمارے دور میں پٹرول کی قیمت میں اضافہ ہوتا اور اپوزیشن کہتی تو قیمت واپس ہوجاتی لیکن آج اپوزیشن بار بار ایوانوں میں عوام کی چیخ و پکارکی آواز بلند کر رہی ہے لیکن ریاست مدینہ کی دعویدار حکومت نہ جانے کیوں اتنے اہم مسئلے پر خاموش ہے جس نے مجھے نااہل کیا اس کا ووٹ بھی سردار عبد الطیف کھوسہ کے لئے مانگ رہا ہوں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں ماہر قانون دان سردار لطیف خان کھوسہ کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

سید یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ ہم نے زراعت کے شعبہ کی ترقی کے لئے حقیقی معنوں میں اقدامات کئے جس کی وجہ سے کاٹن، شوگر، بیج ایکسپورٹ ہوتی تھی اور انٹر نیشنل پرائس کی وجہ سے ہم مزید ترقی و خوشحالی کے دور کی طرف گامزن ہو ئے ملکی معیشت مستحکم ہوئی شہریوں کے مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن کوشش کی گئی لیکن آج صورتحال یہ ہے کہ بائیس کروڑ سے زائد غریب عوام بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری، پٹرول، گیس، بجلی اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بڑھتے ہوئے اضافے کی وجہ سے شدید پریشانی سے دوچار ہیں آج معاشی، آئینی، ہیومن کے حقوق کے لئے مضبوط آواز بننے کے لئے محب وطن سنجیدہ طبقات کو آگے بڑھنا ہوگا تاکہ آج مہنگائی اور دگرگوں مسائل کی چکی میں پسی عوام کو ان کے حقوق مل سکیں۔