Live Updates

ٹی ایل پی یا پی ڈی ایم نے قانون ہاتھ میں لیا تو قانون ان کو ہاتھ میں لے گا، شیخ رشید

پی ڈی ایم اور ٹی ایل پی نے قانون کے دائرے میں احتجاج کیا تو کوئی مسئلہ نہیں ہوگا، اپوزیشن جمعہ جمعہ کھیل رہی ہے، عمران خان کی قیادت میں مہنگائی کا جِن بوتل میں بند کردیں گے۔ وفاقی وزیرداخلہ کا خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 21 اکتوبر 2021 18:43

ٹی ایل پی یا پی ڈی ایم نے قانون ہاتھ میں لیا تو قانون ان کو ہاتھ میں لے ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اکتوبر2021 ) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہےکہ ٹی ایل پی یا پی ڈی ایم نے قانون ہاتھ میں لیا تو قانون ان کو ہاتھ میں لے گا، پی ڈی ایم اور ٹی ایل پی نے قانون کے دائرے میں احتجاج کیا تو کوئی مسئلہ نہیں ہوگا، اپوزیشن جمعہ جمعہ کھیل رہی ہے، عمران خان کی قیادت میں مہنگائی کا جِن بوتل میں بند کردیں گے۔

انہوں نے اسلام آباد میں پولیس لائنز میں پاسنگ آﺅٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ ایئرپٹرول یونٹ کا آغاز کردیا گیا ہے۔ یہ  ڈرونز کے ذریعے سیف سٹی سے منسلک ہوگا اور پولیس کے پاس جدید ہائی ٹیک گاڑیاں بھی ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کے لئے شہدا پیکج پنجاب پولیس کے برابر کردیا گیا ہے، اسلام آباد پولیس کے اینٹی رایٹ یونٹ کے لئے  ایک ہزار نوجوان  بھرتی کی منظوری  ہو  چکی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے آئی جی اسلام آباد کو ہدایت کی کہ میرٹ پر بھرتی کاعمل جلد شروع کیا جائے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پولیس کی تنخواہیں بہتر بنانے کے لئے کوششیں جاری ہیں ، اس  سلسلہ میں وزیر خزانہ سے بات کی ہے۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ 400 ملین روپے کی خطیر رقم تھانوں کو دی گئی ہے۔ میرے دور میں شہدا پیکج کے لئے دیا گیا ہے۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ فرانسیسی سفارتکار سے ہٹ کر ملک میں مدینہ کی ریاست کے قیام کے لیے وزیر اعظم عمران خان کام کررہے ہیں جبکہ فرانسیسی سفارتکار کو بے دخل کرنے سے ہمارے یورپی ممالک کے ساتھ تعلقات کشدیدہ ہوجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ختم نبوتﷺ پر مکمل یقین ہے اور اگر کوئی شخص مجھ سے بڑا دعویدار ہے جس نے ختم نبوتﷺ کے معاملے پر مجھ سے زیادہ قید کاٹی ہے تو مجھے بتائے میں گھر جا کر اس کو مبارک باد دوں گا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ جس قدر اپوزیشن جماعتوں کو میڈیا کی توجہ حاصل ہے اس سے صاف ظاہر ہوتا ہےکہ ملک میں جمہوری اور سیاسی آزادیاں ہیں۔ انہوں نے حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور ٹی ایل پی کا حوالہ دے کر کہا کہ جب انہوں نے قانون کے دائرے میں رہ کر احتجاج کیا تو کوئی مسئلہ نہیں ہوگا وہ اپنا جمہوری حق استعمال کرسکتے ہیں۔ شیخ رشید نے خبردار کیا کہ اگر پی ڈی ایم یا ٹی ایل پی نے قانون ہاتھ میں لیا تو ان کے خلاف بھرپور ایکشن ہوگا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات