امیت شاہ کے بھارتی زیرتسلط کشمیر کے دورے سے قبل انٹرنیٹ سروس معطل ، پابندیاں مزید سخت

جمعہ 22 اکتوبر 2021 11:53

امیت شاہ کے  بھارتی زیرتسلط کشمیر کے دورے سے قبل انٹرنیٹ سروس معطل ، ..
سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2021ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر تسلط   جموں و کشمیرمیں قابض انتظامیہ نے بھارتی وزیر داخلہ امیت  شاہ کے زیرتسلط  علاقے کے دورے سے قبل وادی کشمیر کے متعدد علاقوں میں انٹرنیٹ سروس معطل اور پابندیاںمزید سخت کر دی ہیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق امیت شاہ کل ہفتہ کے روز کشمیر کا دورہ کر رہے ہیں ۔

تاہم پولیس حکام کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ سروس کی معطلی اور موٹر سائیکلوں کی ضبطگی کا امیت شاہ کے دورے سے کوئی تعلق نہیں ہے بلکہ معمول کی کارروائی کا حصہ ہے ۔ انٹرنیٹ سروسز بیشتر ان علاقوں میں بند کی گئی ہیں جہاں گزشتہ ہفتے غیر کشمیری مزدوروں کو قتل کیاگیا تھا ۔ پولیس نے سڑکوں پر موٹر سائیکلوں کا کاغذات کی چیکنگ بھی شروع کر رکھی ہے ۔

(جاری ہے)

امیت شاہ کے دورے سے قبل سرینگر اور دیگر ضلعی ہیڈ کوارٹروں میں بھارتی فورسز کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔ سرینگر میں پولیس اور بھارتی فوج کی مشترکہ ٹیموں نے مزید چوکیاں اور بلٹ پروف بنکر بھی قائم کئے ہیں جہاں مسافروں اورراہگیروں کی تلاشیاں لی جارہی ہیں ۔امیت شاہ کاجموں وکشمیر دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ وادی کشمیر میں شہریوں کی ہلاکتوں میں اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے بھارت سے نقل مکانی کرکے  زیرتسلط  علاقےمیں  آنے والے ہزاروںمزدور وں کی بڑی تعداد واپس جارہی ہے جبکہ ہزاروں غیر کشمیری مزدور پہلے ہی واپس جاچکے ہیں ۔