کالعدم تنظیم کا متوقع لانگ مارچ ، اسلام آباد اور راولپنڈی میں سکیورٹی ہائی الرٹ

متعدد راستے کنٹینروں سے بند کر دیے گئے، میٹرو سروس بھی معطل رہی ، اسلام آباد میں پولیس نے ٹریفک پلان بھی جاری کر دیا

جمعہ 22 اکتوبر 2021 13:03

کالعدم تنظیم کا متوقع لانگ مارچ ، اسلام آباد اور راولپنڈی میں سکیورٹی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2021ء) کالعدم تنظیم کے راولپنڈی میں متوقع لانگ مارچ کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہی ،متعدد راستے کنٹینروں سے بند کر دیے گئے، میٹرو سروس بھی معطل رہی ، اسلام آباد میں پولیس نے ٹریفک پلان بھی جاری کر دیا ہے۔جمعہ کو راولپنڈی میں انتظامیہ کے مطابق میٹرو بس سروس جزوی طور پر بند کر دی گئی ہے، صدر سے فیض آباد میٹرو سروس بند رہی تاہم آئی جے پی روڈ سے سیکرٹریٹ تک میٹرو بس چلانے کا فیصلہ کیا گیا ۔

اس کے علاوہ اندرون شہر راولپنڈی کے بیشتر راستے بند کر دیئے گئے ہیں، سکستھ روڈ پر کنٹینرز لگا کر فیض آباد کی طرف جانے والا راستہ بند کر دیا گیا ہے، فیض آباد اوجڑی کیمپ کی روڈ کو بند کرکے سیل کر دیا گیا ۔

(جاری ہے)

پنڈی میں شاہین چوک کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا ہے جس کے سبب عوام کو مشکلات کا سامنا کر نا پڑا جبکہ فیض آباد انٹرچینج کو مکمل طور پر کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا، سکستھ روڈسے فیض آباد تک کنٹینر لگا دیئے گئے ہیں، ڈبل روڈ سے نائنتھ ایونیو ٹریفک کے لئے کھلا رہا۔

جڑواں شہروں کی صورتحال کے پیش نظر ترجمان اسلام آباد ٹریفک پولیس نے ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے جس کے مطابق نائنتھ ایونیو اسلام آباد اور فیض آباد سے راولپنڈی جانے والے آئی جے پی روڈ استعمال کریں۔ترجمان ٹریفک پولیس نے بتایا کہ فیض الاسلام اسٹاپ، مری روڈ ٹریفک کے لیے بند ہے، اسلام آباد سے مری روڈ راولپنڈی جانے والے اسلام آباد ہائی وے استعمال کریں، ایکسپریس چوک سے ڈی چوک تک جناح ایونیو کو بند کر دیا گیا ۔