لیگ (ن) کی کارکنان کو مہنگائی کے خلاف احتجاج کو جاری رکھنے کی ہدایت

عوام مہنگائی، بے روزگاری، معاشی تباہی کے خلاف احتجاجی مظاہروں میں بھرپور شرکت کرکے حکومت پر عدم اعتماد کا اظہار کریں

جمعہ 22 اکتوبر 2021 14:34

لیگ (ن) کی کارکنان کو مہنگائی کے خلاف احتجاج کو جاری رکھنے کی ہدایت
سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2021ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے کارکنان کو مہنگائی کے خلاف احتجاج کو جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ اپنے حقوق کے لئے مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہروں میں بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن نے مہنگائی کے خلاف احتجاج کو جاری رکھنے کے لئے ہدایات جاری کیں کہ اس سلسلہ میں مرکز، صوبے اور اضلاع میں پارٹی رہنما اپنے شہریوں و کارباری تنظیموں اور عوامی انجمنوں کے ساتھ اشتراک عمل کو یقینی بنائیں تاکہ احتجاجی مظاہروں کو کامیاب بنایا جا سکے۔

مرکزی قیادت نے صوبائی عہدیداروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے عوام سے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری، معاشی تباہی کے خلاف احتجاجی مظاہروں میں بھرپور شرکت کرکے حکومت پر عدم اعتماد کا اظہار کریں۔مسلم لیگ ن کے راہنماؤں کا کہنا ہے کہ ظالم حکومت سے نجات حاصل کیے بغیر ملک اور عوام کی معاشی حالت نہیں سدھرے گی۔حکومت کو مزید وقت دینے کا مطلب ہو گا کہ نااہل حکمران عوام کی مزید تباہی مچائیں۔اس لئے مزید مہنگائی اور مزید بے روزگاری کو برداشت نہیں کیا جا سکتا۔