روپے کی تباہی کا سلسلہ رک نہ سکا

کاروباری ہفتے کے پہلے روز ڈالر کی قیمت مزید 1 روپے سے زائد کے اضافے کے بعد 175 روپے کی سطح بھی عبور کر گئی

muhammad ali محمد علی پیر 25 اکتوبر 2021 19:28

روپے کی تباہی کا سلسلہ رک نہ سکا
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 اکتوبر2021ء) روپے کی تباہی رک نہ سکی، کاروباری ہفتے کے پہلے روز ڈالر کی قیمت مزید 1 روپے سے زائد کے اضافے کے بعد 175 روپے کی سطح بھی عبور کر گئی۔ تفصیلات کے مطابق نئے کاروباری ہفتے کے آغاز پر بھی پاکستانی روپے کی قدر میں گراوٹ کا سلسلہ رک نہ سکا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پیر کے روز انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 1 روپے 20 پیسے کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد امریکی کرنسی کی قیمت 175 روپے 50 پیسے کی سطح تک پہنچ گئی۔

جبکہ انٹربینک مارکیٹ میں 43 پیسے کے اضافے سے ڈالر کی قیمت 174 روپے 43 پیسے کی سطح پر پہنچ گئی۔ دوسری جانب قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے آئی ایم ایف کی شرائط پارلیمنٹ میں لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ڈالر کی قیمت میں مزیداور مسلسل اضافہ قومی معیشت کے لئے تباہ کن اور قومی سلامتی کے تصور کے لئے خطرناک ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت ڈالر اور مہنگائی میں اضافے پر دانستہ خاموش ہے جو آئی ایم ایف سے درپردہ سمجھوتے کا نتیجہ ہوسکتا ہے، آئی ایم ایف کی شرائط تسلیم کرنے کا نتیجہ قوم مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی تبادہی کی صورت بھگت رہی ہے، یہ ظلم بند کرنا ہوگا۔

ڈالر کی مسلسل پرواز ثبوت ہے کہ حکومت معاشی محاذ میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ معاشی تباہی، مہنگائی اور معاشی افراتفری پاکستان کی قومی سلامتی کے تقاضوں کے لئے نیک فال نہیں۔