اسلام آباد کو مثالی شہر بنانے کے لئے مختلف شعبوں کے ماہرین نے تنظیم قائم کرلی

مقامی ہوٹل میں تنظیم کی افتتاحی تقریب کا انعقاد، وفاقی وزیراور سابق وزیراعظم محمد میاں سومرونے بطور مہمان خصوصی شرکت کی

جمعرات 28 اکتوبر 2021 00:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2021ء) فیڈرل کیپیٹل اسلام آباد کی خوبصورتی اور شہریوں کی فلاح و بہبود کے لئے قائم کیپیٹل سٹیزن فاڈیشن کی افتتاحی تقریب کا انعقادبدھ کو ایک مقامی ہوٹل میں ہوا۔ وفاقی وزیربرائے پرائیویٹائزیشن اور سابق وزیراعظم محمد میاں سومرونے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔کیپیٹل سٹیزن فانڈیشن کے چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر محمد امجد نے شرکاکو خوش آمدید کہا اور پلیٹ فارم کے بورڈ آف ڈائریکٹرز اورگورننگ باڈی میں شامل اراکین کا تعارف پیش کیاگیا۔

انہوں نے بتایا کہ کیپیٹل سٹیزن فانڈیشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز اور گورننگ باڈی میں جنرل(ر)احسان الحق، ڈاکٹر محمد امجد، کنور محمد دلشاد، کامران لاشاری،شعیب سڈل، حبیب الرحمان خان،جلیل عباس جیلانی، ڈاکٹر محمود جمال، ملک قمرافضل ، ملک رحیم اعوان سعید احمد خان،میجرجنرل(ر)راشد قریشی، سمیرا حمید، چوہدری محمد علی،ڈاکٹر حسن سروش اور زوہیب امجد شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کیپیٹل سٹیزن فانڈیشن کے چیئرمین جنرل(ر)احسان الحق نے اس پلیٹ فارم کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کے دارالحکومتوں کی طرح اسلام آباد کو ترقی یافتہ اور خوبصورت بنانا ان کا مشن ہے۔ جنرل(ر)احسان الحق نے مزید کہا کہ ہم سیمینار کا انعقاد کریں گے جہاں دنیا کے خوبصورت شہروں کے میئرز کو مدعو کیا جائے گا تاکہ اسلام آباد کو خوبصورت اور ترقی یافتہ بنانے کے لئے ان کے تجربات سے استفادہ حاصل کیاجا سکے۔

ہاوسنگ سوسائٹیوں کی طرف سے قانون پر عمل درآمد نہ کرنے کی وجہ سے اسلام آباد کا ماسٹر پلان بری طرح سے متاثرہورہا ہے۔شہر کو سرسبزوشاداب، خوبصورت اور صاف ستھرا بنانے کے لئے بہترین منصوبہ بندی اور اس کے ماسٹر پلان پر نظرثانی کی ضرورت ہے تا کہ شہریوں کو آرام اور سہولیات باہم پہنچائی جاسکیں۔ ہمارے پاس ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے ماہرین کی ایک ایسی ٹیم ہے جو اپنے اپنے شعبے میں کمال مہارت دکھا چکے ہیں۔

یہ سب لوگ اعزازی طور پر اسلام آباد اور اس کے شہریوں کی خدمت کا جذبہ لے کر ہمارے ساتھ آئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے شہریوں اور حکومت کے ساتھ مل کر شہر کی تعمیروترقی میں اپنا کردارادا کرنا ہے۔ یہ پلیٹ فارم مکمل طور پر غیرسیاسی اور فلاحی ہے۔ کوئی بھی اسے ذاتی مقاصد یا مفادات کے لئے استعمال نہیں کرسکتا۔ہمارے ساتھ کسی مخصوص طبقے کی نہیں بلکہ اسلام آباد میں رہنے والے تمام شہریوں کی نمائندگی ہے۔

اسلام آباد کا ہر شہری جو شہر کی ترقی چاہتا ہے ہمارے پلیٹ فارم کا حصہ بن سکتا ہے۔تقریب سے حبیب الرحمان خان نے بھی خطاب کیا۔تقریب میں تحریک انصاف کے مرکزی نائب صدر ارشد داد اور سینٹ کے لیڈر ان ہاوس ڈاکٹر شہزاد وسیم سمیت اسلام آباد بھر سے شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔