Live Updates

سپریم کورٹ نے سانحہ اے پی ایس سے متعلق از خود نوٹس کی گذشتہ روز کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا

وزیراعظم نے یقین دہانی کروائی کہ غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہو گی۔ سپریم کورٹ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 11 نومبر 2021 16:26

سپریم کورٹ نے سانحہ اے پی ایس سے متعلق از خود نوٹس کی گذشتہ روز کی سماعت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 نومبر 2021ء) : سپریم کورٹ آف پاکستان نے سانحہ آرمی پبلک اسکول سے متعلق از خود نوٹس کی گذشتہ روز کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد نے گذشتہ روز کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کیا۔ حکم نامہ چیف جسٹس گلزار احمد نے ہی تحریر کیا۔ سپریم کورٹ نے تحریری حکم نامے میں کہا کہ وزیراعظم نے وفاقی اور ریاست کی اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہونے کی یقین دہانی کروائی۔

وزیراعظم نے یقین دہانی کروائی ہے کہ غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہو گی۔ بچوں کے والدین شہادتوں پر کوئی بھی عذر قبول کرنے کو تیار نہیں ہیں۔ والدین بیس اکتوبر کے فیصلے میں نامزد افراد کو غفلت برتنے کا ذمہ دار سمجھتے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے یقین دہانی کروائی ہے کہ ریاست اپنی ذمہ داری پوری کرے گی۔ وزیراعظم نے شہدا کے والدین کو انصاف دلوانے کی یقین دہانی بھی کروائی۔

سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ حکومت شہدا کے والدین کا مؤقف سُن کر مثبت کارروائی کرے۔ وفاقی حکومت اقدمات کر کے وزیراعظم کی دستخط شدہ رپورٹ پیش کرے۔ سپریم کورٹ نے مزید کہا کہ سناحہ اے پی ایس سے متعلق از خود نوٹس کی اگلی سماعت چار ہفتوں کے بعد ہو گی۔ سپریم کورٹ نے گذشتہ روز ہونے والی سماعت کے تحریری حکم نامے میں بیس اکتوبر کے حکم نامے کو بھی حصہ بنایا۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز سپریم کورٹ آف پاکستان میں آج سانحہ آرمی پبلک اسکول سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت ہوئی۔ دوران سماعت سپریم کورٹ نے وزیراعظم عمران خان کو طلب کیا ۔ وزیراعظم عمران خان نے دوران سماعت کہا کہ ملک میں کوئی مقدس گائے نہیں ہے،آپ حکم کریں ہم ایکشن لیں گے، میں قانون کی حکمرانی پر مکمل یقین رکھتا ہوں۔وزیراعظم عمران خان کے جوابات کے بعد سپریم کورٹ آف پاکستان نے حکومت کو ہدایت کی کہ معاملے پر مثبت اقدامات کیے جائیں۔

سپریم کورٹ نے 4 ہفتوں میں سانحہ اے پی ایس کے ذمہ داروں کے تعین کا حکم دیتے ہوئے وزیراعظم سے اقدامات کی رپورٹ طلب کرلی، سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ اس سارے معاملے میں شہید بچوں کے والدین کو بھی ساتھ ملایا جائے اور اس حوالے سے رپورٹ چار ہفتوں میں عدالت کو پیش کی جائے۔ عدالت نے 20 اکتوبر کے حکم نامے پر عملدرآمد کی ہدایت کی جس پر وزیراعظم عمران خان نے سپریم کورٹ کو انصاف کے تقاضے پورے کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ جس کے بعد عدالت نے کیس کی مزید سماعت چار ہفتے کے لیے ملتوی کر دی تھی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات