پنجاب حکومت نے پانی کو محفوظ کرنے کے لیے ڈیم کا منصوبہ تیار کر لیا

ڈیم علاقے کی تعمیر و ترقی کے لیے گیم چینجر منصوبہ ثابت ہوگا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 16 نومبر 2021 16:21

پنجاب حکومت نے پانی کو محفوظ کرنے کے لیے ڈیم کا منصوبہ تیار کر لیا
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 نومبر 2021ء) : پنجاب حکومت نے کوہ سلیمان کے پہاڑی سلسلے کے پانی کو محفوظ کرنے کے لیے ڈیم بنانے کا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت ایک اجلاس منعقد کیا گیا ۔ اس اجلاس میں کوہ سلیمان کے پہاڑی سلسلے کے پانی کو محفوظ کرنے کے لیے ڈیم کا تیار شدہ منصوبہ پیش کیا گیا۔

اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہاکہ اگلے برس کے آغاز میں سوڑا ڈیم کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیم علاقہ کی تعمیر و ترقی کے لیے گیم چینجر منصوبہ ثابت ہوگا۔ یہ صرف ایک ڈیم نہیں بلکہ ایریا ڈویلپمنٹ پراجیکٹ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس پراجیکٹ سے پورا علاقہ استفادہ کرے گا۔

(جاری ہے)

ڈیم کی تعمیر کے لیے اراضی کے حصول کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔

51 ہزار ایکڑ پانی کو ذخیرہ کیا جا سکے گا، ڈیم دریا کی سطح سے 258 فٹ اونچا ہوگا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اجلاس کے شرکا کو بتایا کہ ڈیم کی تعمیر پر تقریباً 10 ارب روپے لاگت آئے گی، ڈیم بننے سے تونسہ تک لوگوں کو وافر مقدار میں پانی ملے گا، علاقے میں سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔ اُن کا کہنا تھا کہ ہر سال برسات میں پہاڑی نالوں میں بہنے والا پانی ضائع ہوتا ہے، اس پانی کو محفوظ کر کے استعمال میں لانا بہت ضروری ہے۔

منصوبے کو فاسٹ ٹریک پر آگے بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس ڈیم کے پروجیکٹ کو ٹائم لائن کے ساتھ مکمل کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس کے شرکا کو ہدایت کی کہ ڈیم کی تعمیر سے متعلقہ دیگر امور کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے تاکہ منصوبے پر کام کا آغاز کیا جائے۔ واضح رہے کہ رواں برس ملک بھر میں میں پانی کی کمی کا مسئلہ مزید شدت اختیار کر گیا تھا۔ ملک میں پانی کی قلت نے خطرے کی گھنٹی بجائی، کم بارشوں اور بھارت کی جانب سے پانی روکے جانے کی وجہ سے دریا خشک ہو گئے ہیں۔ آبی ماہرین کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ اگر پانی کے نئے ذخائر نا بنائے گئے اور پانی کا ضیاع نہ روکا گیا تو قحط سالی کا شکار ہو جائیں گے۔