فریال تالپور نے نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا

بیٹی کی طبیعت ناسازہے،برطانیہ جاناچاہتی ہوں،اجازت دی جائے ،رہنما پیپلزپارٹی کا موقف

جمعہ 19 نومبر 2021 23:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2021ء) پیپلز پارٹی کی رہنما فریال تالپور نے نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا ، جس پر عدالت نے وفاقی وزارت داخلہ،چیئرمین نیب اور ڈی جی ایف آئی اے کو نوٹس جاری کردیئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق یپلز پارٹی کی رہنما فریال تالپور نے برطانیہ جانے کیلئے نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی۔

درخواست میں فریال تالپور نے موقف اختیار کیا کہ بیٹی عائشہ تالپوربرطانیہ میں زیرتعلیم ہے، بیٹی کی طبیعت ناسازہے،برطانیہ جاناچاہتی ہوں، بیٹی کی تیمار داری کے لیے ایک باربرطانیہ جانے کی اجازت دی جائے۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ 4ہفتے کے لیے برطانیہ میں قیام کی اجازت دی جائے،ای سی ایل میں نام بیرون ملک جانے میں رکاوٹ ہے، منی لانڈرنگ کیس کے باعث نام ای سی ایل میں شامل کیا گیا۔

(جاری ہے)

فریال تالپور نے درخواست میں وفاقی وزارت داخلہ، چیئرمین نیب ، ڈی جی ایف آئی اے،ڈی جی امیگریشن کو فریق بنایا ہے۔سندھ ہائی کورٹ نے فریال تالپور کے برطانیہ جانے کے معاملے وفاقی وزارت داخلہ ،چیئرمین نیب، ڈی جی ایف آئی اے ، ڈی جی امیگریشن، ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو 26 نومبر کے لیے نوٹس کردیا۔عدالت نے فریقین کو 26 نومبر کو تیاری کیساتھ پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔