پاک ایران بارڈر پر پنجگور میں دہشتگردوں کا سکیورٹی فورسز پر حملہ

فائرنگ کے تبادلے میں ڈی آئی خان کے رہائشی سپاہی جلیل خان شہید، دہشتگردوں نے سیکورٹی فورسز کی پٹرولنگ ٹیم کو نشانہ بنایا۔ آئی ایس پی آر

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 22 نومبر 2021 17:09

پاک ایران بارڈر پر پنجگور میں دہشتگردوں کا سکیورٹی فورسز پر حملہ
راولپنڈی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 نومبر 2021ء) پاک فوج کا دہشتگردوں اور ان کے سہولتکاروں کے خلاف ملک بھر میں آپریشن ردالفساد کامیابی سے جاری ہے، پاک ایران بارڈر پر پنجگور میں دہشتگردوں نے سکیورٹی فورسز پر حملہ کردیا، فائرنگ کے تبادلے میں ڈی آئی خان کے رہائشی سپاہی جلیل خان شہید ہوگئے، دہشتگردوں نے سیکورٹی فورسز کی پٹرولنگ ٹیم کو نشانہ بنایا۔

(جاری ہے)

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک ایران بارڈر پر پنجگور میں دہشتگردوں نے سکیورٹی فورسز پر حملہ کردیا،  دہشتگردوں نے سیکورٹی فورسز کی پٹرولنگ ٹیم کو نشانہ بنایا۔ اس دوران دونوں جانب فائرنگ کا تبدلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی جلیل خان شہید ہوگئے، جام شہادت نوش کرنے والے سپاہی کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان سے تھا۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز ملک دشمن عناصر کو شکست دینے کیلئے پرعزم ہیں۔ فورسز بلوچستان میں ترقی اور امن واستحکام کا سفر متاثر نہیں ہونے دیں گی۔