نیب کے زیر اہتمام بلوچستان کی 11جامعات کے طلباء و طالبات کے مابین کانٹے دار مقابلوں کا حتمی مرحلہ مکمل

تقریر ، تحریر ، پوسٹر ،پینٹنگ اور خطاطی کے مقابلوںمیںبلوچستان یونیورسٹی کے طلباء وطالبات چار پوزیشنزکے ساتھ فاتح قرار پائے

بدھ 24 نومبر 2021 16:58

نیب کے زیر اہتمام بلوچستان کی 11جامعات کے طلباء و طالبات کے مابین کانٹے ..
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2021ء) قومی احتساب بیورو بلوچستان کے زیر اہتمام بلوچستان کی 11جامعات بشمول بلوچستان یونیورسٹی ، الحمد اسلامک یونیورسٹی ، بیوٹمز یونیورسٹی ، نمل یونیورسٹی ، ایس بی کے وویمن یونیورسٹی ،نسٹ یونیورسٹی ، خضدار یونیورسٹی ، لسبیلہ یونیورسٹی ، لورالائی یونیورسٹی، تربت یونیورسٹی اور میر چاکرخان سبی یونیورسٹی کے طلباء و طالبات کے مابین کانٹے دار مقابلے کا حتمی مرحلہ اختتام پذیر ہوگیا ہے ۔

نیب کی جانب سے عوام الناس میںکرپشن اور بدعنوانی کے خلاف شعور و آگہی مہم کے سلسلے میں ترتیب دیئے گئے تقریر ، تحریر ، پوسٹر ، پینٹنگ اور خطاطی کے مقابلوں میں مجموعی طور پر بلوچستان یونیورسٹی کے طلباء وطالبات چار پوزیشنز کے ساتھ فاتح قرار پائے ،تین پوزیشنز کے ساتھ بیوٹمزاور سردار بہادر خان وویمن یونیورسٹی دوسرے نمبر پر رہی جبکہ دو پوزیشنز کے ساتھ میر چاکر خان سبی یونیورسٹی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

(جاری ہے)

بین الجامعات مقابلوں میں بلوچستان کے دور دراز علاقوں کی جامعات سمیت صوبے بھر کی تمام یونیورسٹیز کے سینکڑوں طلباء و طالبات نے بھرپور حصہ لیا ۔ وائس چانسلر بیوٹمز انجنیئر یونیورسٹی فاروق احمد بازئی ، وائس چانسلر سردار بہادر خان وویمن یونیورسٹی ڈائریکٹر ناہید حق ، وائس چانسلر الحمد اسلامک یونیورسٹی عروہ جاوید اورریجنل ڈائریکٹر نمل کرنل ریٹائرڈ نثار احمد نے مقابلوں کی اختتامی تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی۔

ڈائریکٹر قومی احتساب بیورو بلوچستان نے بلوچستان کی جامعات کے مابین ہونے والے تقریر ، تحریر ، پوسٹر سازی پینٹنگ اور خطاطی کے مقابلوں کے کامیاب انعقاد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئی نسل کا کرپشن کے خلاف جذ بہ قابل قدر ہے، انھوںنے تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم بچوں کو ملک کا مستقبل قرار دیتے ہوئے کہا کہ نیب نئی نسل کی صحیح خطوط پر تربیت کے لئے پر عزم ہے، اس سلسلے میں نیب کا شعور و آگہی ونگ تندہی سے اپنی ذمہ داریاں نبھارہا ہے۔

انھوں نے واضح کیا کہ بدعنوانی کے خاتمے اور روک تھام کے لئے شعور وفکری تبدیلی مہم کے ساتھ ساتھ کرپٹ عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لئے بھی ا قدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی سربراہی میں بلا امتیاز اور بے لاگ احتساب جاری رہے گا۔